لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاہور سمیت ملک بھر میں مذہبی اجتماعات پر عائد پابندی کے سبب رواں برس شب برأت کے موقع پر روحانی محافل کا انعقاد نہیں ہو گااور شہری روایتی اجتماعات کو موقوف کر کے اپنے گھروں میں انفرادی طور پر دعاؤں کا اہتمام کریں گے ۔ اس ضمن میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی وساطت سے صوبہ بھر کی 435وقف مساجد کے عملہ مساجدکے ساتھ ساتھ تمام مسالک کے علماو مشائخ کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اوقاف پنجاب صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ وزیر اوقاف پنجاب کی زیر صدارت علماء کرام کا اہم اجلاس ایوان اوقاف صدردفتر لاہو میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری وچیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ارشاد احمد،ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہررضابخاری ، مفتی رمضان سیالوی خطیب جامع مسجد داتادربار،مولانا عبدالخبیر آزادخطیب عالمگیری بادشاہی مسجدلاہور،غلام مصطفی ثاقب صوبائی خطیب اوقاف، مولانا عبدالرحمن رئیس التبلیغ بادشاہی مسجد لاہور،مولانا احمد رضا سیالوی زونل خطیب اوقاف لاہور ،مولانا عمران سجادضلعی خطیب اوقاف لاہور،مولانا مسعود الرحمن ضلعی خطیب لاہور،مولانا قاری طیب رشید ضلعی خطیب لاہور،مولانا قاری شفیق ضلع خطیب شیخوپورہ اور علامہ سجاد حسین امام بارگاہ فقیر جمال الدین نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک میں موجودہ کورونا وائرس کے بحران کے پیش نظر حکومت پنجاب کی ہدایات اور طبی ماہرین کی ہدایات کی روشنی میں شب برأت کے اجتماعات اور آمدہ رمضان المبارک میں نماز تراویح کی مساجد میں ادائیگی کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔