کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ملک میں زبردستی پھیلایا گیا جس کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے ۔گزشتہ روزبلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کے ہمراہ سندھ اسمبلی کے آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور کارکنوں نے کورونا وبا کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کئے لیکن وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی سندھ حکومت کی کوششوں کو سبوتاژ کیا، جو فیصلے کئے اس کے ذریعے ہماری خودمختاری نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہسپتالوں کے بھرنے کا ذمہ دار کسے ٹھہرائوں، کسی کو تو ذمہ داری اٹھانی پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو غلط معلومات دے کربیوقوف بنارہی ہے ایساکرنیوالوں کے خلاف ایف آئی آر کاٹنی چاہئے ۔ وفاقی حکومت نے عوام کی صحت و زندگی کو خطرے میں ڈال دیا، وزیراعظم تاجروں اور کاروباری لوگوں سے ملتے ہیں لیکن ایک دفعہ بھی ڈاکٹرز اور طبی عملے سے نہیں ملے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے ہلاکتیں زیادہ ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی ٹیسٹنگ صلاحیت دیگر صوبوں سے زیادہ ہے ،لاک ڈائون کے حوالے سے تمام آپشنزسندھ حکومت کے پاس ہیں۔وفاقی حکومت وزیروں، مشیروں اور معاون خصوصی کی فوج فارغ کر کے اخراجات کم کرے ،وفاق نے اگرکام نہیں کرناتھاتودوسروں کی کوششوں کوسبوتاژ بھی نہ کرتا،پاکستان جتنے کورونامریض چین میں بھی نہیں۔انہوں نے کہا جہاں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ہے وہاں شرح اموات زیادہ کیوں ہے ،خیبر پختونخوامیں کورونا سے اموات زیادہ اور ٹیسٹنگ سب سے کم ہے ،وفاقی حکومت اپنا رویہ درست کرے پاکستان میں جنگی صورتحال ہے ،آزاد کشمیر کے بارے میں وفاق کا پیغام بہت خطرناک ہے ،آزادکشمیر کو نوٹیفکیشن میں شامل کر کے کیا پیغام دے رہے ہیں ؟گلگت بلتستان کو صوبائی سٹیٹس دیناہے تو آئینی ترمیم کریں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران سٹیل ملز سے 10 ہزار مزدوروں کو فارغ کرنا انسانیت کے خلاف ہے ۔ملازمین کی برطرفی کیخلاف ہر قانونی فورم پر جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قومی قیادت کاشدیدبحران ہے ،وفاق نے آج تک صوبوں کوان کاحق نہیں دیا۔ وفاقی حکومت کورونا اور ٹڈیوں سے نمٹنے کی ذمے داری بھی اداکرنے کو تیار نہیں۔پی آئی اے کو ایک سازش کے تحت نہیں سنبھالا جارہا،ڈاکٹراورپیرامیڈکس ہڑتال پرہوں گے توپیپلزپارٹی بھی ساتھ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود کوشش ہے بجٹ میں غریبوں اور چھوٹے کاروبار کو ریلیف پہنچائیں،بجٹ میں رسک الاؤنس بھی دیں گے ،عزیزمیمن معاملے پر ہماری جماعت پر الزام لگانے کی کوشش کی گئی ،عزیز میمن کے معاملے پرتمام ذمے داروں کی گرفتاری تک مطمئن نہیں ہونگے ،صحافیوں کیخلاف دہشتگردی کی ایف آئی آرزپر نظر ثانی ہونی چاہئے ۔دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے آزادکشمیرمیں سینئر پارٹی رہنما سابق ایڈمنسٹریٹر سدھنوتی سردار یعقوب خان کے انتقال اور اینکر پرسن ماریہ میمن سے ان کی والدہ کے انتقال پر افسوس کااظہار کیا ہے ۔