اسلام آباد(عمرانہ کومل)سماجی میڈیا کی ویب سائٹس افواہ ساز فیکٹریاں بن گئیں، کورونا کے حوالے سے من گھرت ویڈیوز اور پیغامات نے عوام کو شش و پنج میں ڈال دیا جس پر ریڈیو پاکستان ، پی ٹی وی، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا نے عوام کو اخبارات ،ریڈیو، ٹیلی ویژن کی مصدقہ خبروں پر یقین کرنے اور سماجی میڈیا کی ویب سائٹس کی افواہوں پر کان نہ دھرنے کا پیغام چلانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کی وبا کے ساتھ ہی سوشل میڈیا ویب سائٹس پر جھوٹی خبروں، کہانیوں اور دعوؤں کا بازار بھی گرم ہے جسکی وجہ سے گھروں میں بیٹھے افراد کی ذہنی اذیت میں اضافہ ہورہا ہے ،ایسی جھوٹی اطلاعات جن میں مختلف فلموں کے مناظر اور پرانی ویڈیوز کو کورونا سے منسلک کیاگیاہے جبکہ کورونا کے حوالے سے ایسی افواہیں جو عوام میں بے چینی کا باعث بن رہی ہیں ،یہی وجہ ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن، ریڈیوپاکستان سمیت پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پیغامات جاری کئے جارہے ہیں کہ عوام ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں اور مصدقہ خبروں کیلئے ریڈیو، پی ٹی وی ،الیکٹرانک وپرنٹ میڈیا پر دھیان دیں ۔