لاہور (رانا محمدعظیم )کورونا کی وبا کے دوران جلسے کرنے کے معاملے پر پی ڈی ایم کے اندر اختلاف کھل کر سامنے آ گیا،چھ جماعتوں نے پی ڈی ایم کی قیادت کو جلسے روکنے کی تجویز دے دی ۔مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے ان چھ جماعتوں نے کہا اگر ان جلسوں کے دوران کورونا مزید پھیلا اور ہلاکتیں بڑھ گئیں تو حکومت ذمہ دار پی ڈی ایم کو ٹھرائے گی جس سے عوام کے اندر پی ڈی ایم کے خلاف نفرت پیدا ہو گی ۔پہلے ہی گلکت بلتستان میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی شکست کے بعد مورال ڈاؤن ہو چکااوراب اس سے مزید ڈاؤن ہو گا۔پی ڈی ایم کی تین بڑی جماعتیں کسی صورت بھی جلسے منسوخ نہیں کرنا چاہتیں اور جلسے کرنے کے حوالے سے سب سے زیا دہ اصرار ن لیگ اور مولانا فضل الرحمان کررہے ہیں۔پیپلزپا رٹی بظاہر تو جلسے کرنے کے حق میں ہے مگراس کا ایک بڑا گروپ بھی اس کی مخالفت کر رہا ہے ۔ اس بڑے گروپ نے با ر بار یہ قیادت کو کہا ہے کہ ہمارا اپنا وزیر اعلیٰ،کئی وزراء اور بیوروکریٹس کورونا کا شکار ہو چکے ، اس صورت میں ہمارا جلسوں کی حمایت کرنا سیاسی و اخلاقی طور پرغلط ہو گا۔