لاہور (سپورٹس ڈیسک) کرونا وائرس کے بحران کے باعث بھارت میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء نہ ہوپانے کی صورت میں اس کی میزبانی سری لنکا یا متحدہ عرب امارات کو دی جاسکتی ہے ۔ آئی سی سی نے گذشتہ ہفتے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ہندوستان آئندہ سال کے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا جب کہ رواں سال ملتوی ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا میزبان آسٹریلیا 2022ء میں میزبان ہوگا ،ہندوستان 2023ء میں 50 اوورز ورلڈ کپ کا میزبان بھی ہے ۔بھارت کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں ایشیاء میں سرفہرست اوردنیا بھر میں امریکہ اور برازیل کے بعد تیسری پوزیشن پر موجود ہے ۔ بھارت میں فی الحال 661،274 فعال کیسز ہیں جب کہ کیسز کی مجموعی تعداد 2،434،853 تک پہنچ گئی ہے اور اموات کی تعداد 47،542 ہوچکی ہیں ۔موجودہ صورتحال نے بی سی سی آئی کو آئی پی ایل کو متحدہ عرب امارات میں منتقل کرنے پر مجبور کردیا ہے اور ڈومیسٹک سیزن کے بارے بھی سوچ بچار جاری ہے ۔