پشاور(92نیوز)کور ہیڈکوارٹرز پشاور میں فاٹا ڈیسیبل ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر انتظام قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے خصوصی افراد کے اعزاز میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود تھے ۔تقریب سے خطاب میں خصوصی افراد نے ان کی فلاح بہبود کیلئے پاک فوج کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ قبائلی اضلاع میں دہشت گردوں کے ہاتھوں بچھائی گئی بارودی سرنگیں صاف کرنے کیلئے فوج دن رات کام کررہی ہے مگر اس میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جاسکے ۔خصوصی افراد نے کور کمانڈر پشاور سے انہیں روزگار، مفت تعلیم اور نوکریاں فراہم کرنے جیسے مطالبات کئے اور کہا کہ سول اداروں نے ان سے مکمل طور پر منہ موڑ لیا ہے ۔کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل مظہر شاہین محمود نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ بارودی سرنگ دھماکوں کے شکار افراد کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سی ایم ایچ میں بارودی سرنگ دھماکوں میں زخمی افراد کا مفت علاج کیا جاتا ہے ۔ کور کمانڈر نے بم دھماکوں کے شکار بچوں کو پشاور اور دیگر آرمی کے زیر انتظام تعلیمی اداروں میں فوری داخلہ دینے ، پڑھے لکھے معذور افراد یا ان کے رشتہ داروں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور نوکریاں دینے کا اعلان کیا۔ کور کمانڈر نے بتایا کہ باوردی سرنگوں کی صفائی کیلئے خصوصی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔تقریب کے اختتام پر فاٹا ڈیسیبل ویلفیئر آرگنائزیشن کے ممبران اور مہمانوں میں خصوصی شیلڈ بھی تقسیم کیے گئے ۔کور کمانڈر نے آرگنائزیشن کے چیرمین عرفان اللہ جان کو ان کی خدمات پر ایوارڈ سے نوازا۔چیئرمین عرفان اللہ جان نے معذور افراد کیلئے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں کور کمانڈر کو خصوصی شیلڈ پیش کیا۔