اسلام آباد، کوئٹہ (سٹاف رپورٹرز) کوئٹہ کے علاقے باچا خان چوک پر پولیس کی گاڑی کے قریب بم دھماکے میں2 پولیس اہلکاروں سمیت 5افرادشہید اور ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت 32افراد زخمی ہوگئے ، زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، کوئٹہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ،گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی کابینہ سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق اور زخمی افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا، باچا خان چوک پر پولیس کی گاڑی کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 5افراد جمال الدین ولد حاجی محمد دین، شراف الدین، علی شاہ ولد ظاہرشاہ اور عین اللہ ولد عبدالمجید، شاہد احمد عبدالخالق جاں بحق اور ایڈیشنل ایس ایچ او شفاعت اللہ سمیت 32زخمی ہوگئے جن میں 4سالہ محمد ، محمد صادق ،محمد فرید ، عبدالغفار ، نصراللہ ، عبیداللہ ،شہروز شکیل ، حسنین ، ضیا الرحمن ، آسیہ ، میر محمد ، عبدالرحمن ، عبدالواحد ، ضیا الرحمن ، میر احمد ، نصیب اللہ ، 6سالہ صغریٰ ، نصیب اللہ ، نادر علی ، سردار خان ، محمد اجبر باز محمد ، حفیظ محمد اللہ ، شاہد حسین اور دیگر شامل ہیں، زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ پولیس کے مطابق 5 سے 6 کلو بارود موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور موٹر سائیکل کو پولیس کی گاڑی کے قریب کھڑا کردیا گیا تھا، صرف پولیس کی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا ، دھماکے سے پولیس گاڑی ،موٹر سائیکلوں اور مزید ایک گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد لیاقت بازار،باچا خان چوک اور دیگرعلاقوں میں دکانیں بند ہوگئیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ بلاول بھٹو نے واقعہ کی مذمت کی اور کہا حالات کا تقاضا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کو سردخانے سے باہر نکال کر اس پر من و عن عملدرآمد کیا جائے ، شہباز شریف نے بھی کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی اور کہا پولیس نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ قابل ستائش ہیں، دیگر سیاسی شخصیات نے بھی دھماکے کی پرزور مذمت کی ، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی اور شہید ہونے والوں کے لیے درجات کی بلندی کی دعا کی۔