پشاور(92نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپر کوہستان کے متاثرہ علاقہ کندیاں کادورہ کیا جہاں گزشتہ روز رابطہ پل ٹوٹنے کے باعث مسافر گاڑی برساتی نالے میں گرنے سے قیمتی جانیں ضائع ہوئیں تھیں۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے 5،5 لاکھ روپے جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کیلئے ایک،ایک لاکھ روپے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے ۔ اْنہوں نے لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے حادثے میں زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا ہے ۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دْکھ کی اس گھڑی میں حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس ہے انہوں نے مزید کہا کہ آج یہاں آنے کا مقصد متاثرہ خاندانوں کے غم میں شرکت کرنی تھی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اپرکوہستان میں بوسیدہ سڑک اور دیگر مواصلاتی نظام کی تعمیر کے لیے متعلقہ محکموں کو فیزیبلٹی تیارکرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ فیزبیلٹی تیار کرنے کے بعد اپر کوہستان میں مواصلاتی نظام اور سڑک کی تعمیر پر جلد کام شروع کیا جائے گا تاکہ آئندہ کیلئے ان جیسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے ۔