پشاور(92نیوز) کوہستان میں لکڑی کا پل ٹوٹنے سے مسافر وین نالے میں گر گئی،مقامی ذرائع کے مطابق حادثے میں تمام26 افراد نالے میں بہہ گئے ،8 افراد کی نعشیں نکال لی گئیں، لاپتہ 18افراد کی تلاش جاری ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق مسافر وین باڑیگوگائوں سے کمیلہ جارہی تھی جس میں 26 لوگ سوار تھے اور تمام لوگ نالے میں بہہ گئے ، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت 8 لاشیں نکالی ہیں ، باقی کی تلاش جاری ہے ، حادثے کا شکار ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے ۔ڈی پی او کوہستان راجہ عبدالصبور نے بتایا کہ ابھی تک مقامی ذرائع سے ہلاکتوں کی اطلاعات ملی ہیں ، دور دراز علاقے اور اندھیرے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے ،پولیس ٹیم کوجائے وقوعہ کی طرف روانہ کردیا،حادثہ کی جگہ تک پہنچنے کے لیے 5 گھنٹے لگیں گے ۔جاں بحق افراد میں سابق ایم پی اے مولانا عبدالحنان کی پوتی بھی شامل ہے ،حادثے کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ،چیف وارڈن سول ڈیفنس نے گاڑی کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 24ہلاکتوں کی تصدیق کردی،چیف وارڈن کے مطابق حادثے میں 2افرادزخمی بھی ہوئے ہیں۔