کوئٹہ،حب ،راولپنڈی،پشاور(سٹاف رپورٹر+ نامہ نگاران ،آن لائن) بولان کے علا قے میں سی ٹی ڈی بلو چستان کی کاروائی فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشتگر د ہلاک ہو گئے ، تین دہشتگر فرار جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ بر آمد کر لیا گیا۔ تر جمان سی ٹی ڈی بلو چستان کے مطابق منگل کو ضلع بولان کے علا قے آب گم کے پہاڑوں میں کالعدم تنظیم کے ارکان کی موجودگی کی اطلاع پر ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں اکرم زہری، احمد اللہ، سکندر اور شادی خان ہلاک جبکہ تین دہشتگر فرار ہوگئے ، کارروائی کے دوران ایک کلاشنکوف،تین پستول،پانچ کلوبارود،ریموٹ کنٹرول، ڈیٹونیٹرز،2موٹرسائیکلیں اور دستاویزات برآمد کر لی گئیں ۔ترجمان کے مطابق اکرم زہری انتہائی مطلوب اور اسکے سر کی قیمت پچاس لاکھ مقرر تھی، ہلاک دہشتگرد کوئٹہ میں حساس تنصیبات پر بڑا حملہ کرنے کا منصوبہ بنارہے تھے ۔دریں اثنا حب میں جاری شہداء پولیس فٹبال ٹورنامنٹ کے میچ کے دوران دھماکہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں کھلاڑیوں اور تماشائیوں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے ، ایس ایس پی لسبیلہ پولیس طارق الہی مستوئی کے مطابق دھماکہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد دیوار کے قریب نصب کرنے سے ہوا ، مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران جھڑپ میں کالعدم ٹی ٹی پی کا دہشتگردپیر عرف اسد مارا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق دہشتگرد پیر عرف اسد 2006 سے ٹی ٹی پی کا سرگرم رکن تھا ،فورسزکے خلاف دہشتگردی کی سرگرمیوں میں ملوث رہا۔پشاور میں کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کے دو افغان بھتہ خور دہشتگرد گرفتار کر لئے ، دہشتگرد افغانستان سے بھتہ وصولی کیلئے 60 دن کا ویزہ حاصل کرنے آئے تھے ، قبضے سے سے موبائل فونز، ڈیمانڈ سمز اور زائد المعیاد پاسپورٹ برآمد کر لئے گئے ہیں۔