کولمبو، واشنگٹن ، ریاض ، لاہور(صباح نیوز، آن لائن، این این آئی، اے ایف پی ، نیٹ نیوز ) سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر 8دھماکوں میں ابتدائی تحقیقات میں 7خود کش بمباروں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ہلاکتوں کی تعداد300 تک پہنچ گئی جبکہ تقریبا 500زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے سیکورٹی اداروں کو ان دھماکوں میں انٹرنیشنل نیٹ ورک کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ وزیر صحت اور کابینہ کے ترجمان نے بم حملوں میں انٹرنیشنل نیٹ ورک کے ملوث ہونے کے شواہد ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام خود کش بمبار سری لنکا کے شہری ہی تھے تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے ۔ سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 24 مشتبہ ملزمان کو حراست میں لیا تاحال کسی تنظیم نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ بی بی سی کے مطابق حکومت نے ان حملوں کے لیے ایک غیر معروف مقامی جہادی گروپ ’قومی توحید جماعت‘ کو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ علاوہ ازیں امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے ایک اور انتباہی پیغام میں کہا سری لنکا میں دہشت گرد گروہ مزید حملے کر سکتے ہیں۔ اس لیے امریکی شہری سری لنکا میں سیاحتی مقامات، پرہجوم جگہوں، شاپنگ مالز، ہوٹلوں، عبادت گاہوں اور دیگر عوامی مقامات سے دور رہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں چرچ کے نزدیک پولیس کی جانب سے بم کو ناکارہ بنانے کے دوران دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے عینی شاہد کا کہنا تھا کہ ’بم ڈسپوزل یونٹ سپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) اور ایئر فورس کی جانب سے بم کو ناکارہ بنانے کے دوران وین دھماکے سے تباہ ہوگئی۔ پولیس کو نجی بس سٹینڈ سے ڈیٹونیٹرز ملے جن میں سے 12 زمین پر اور 75 قریبی کچرے کے ڈھیر سے پائے گئے ۔ بین الاقوامی پولیس انٹرپول کی طرف سے اس کے تفتیشی ماہرین کی ایک ٹیم سری لنکا بھیجی جا رہی ہے ۔ دوسری طرف سری لنکن صدر نے انکشاف کیاہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘میرے قتل کی منصوبہ بندی کررہی ہے ،ممکن ہے بھارتی وزیراعظم کو اس منصوبے کا علم نہ ہو،بھارتی اخبارکے مطابق سری لنکن صدرمیتھری پالاسری سینانے یہ انکشاف کابینہ کے اجلاس میں کیا۔ سری لنکا میں مسلم رہنماوں اور علما نے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خودکش حملوں کے ذمہ داریوں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے ۔ دریں اثنا سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا سری لنکا میں بم دھماکے بزدلانہ دہشت گردی ہے اور سعودی حکومت سری لنکا کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں سری لنکا کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور سری لنکن ہائی کمشنر نورالدین شاہد سے گزشتہ روز ایسٹر کے موقع پر ہونے والی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی نقصان پر افسوس اور تعزیت کااظہار کیا۔