میڈی سن( ویب ڈیسک) چند ماہ قبل ایک ماہر نے حرام مغز میں نیا دماغی گوشہ دریافت کیا تھا اور اب تازہ خبر یہ ہے کہ دماغ کی گہرائی میں ایک گوشے کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ یہ ’’شعور کا سوئچ‘‘ ہے جسے بجلی کی ہلکی مقدار سے سرگرم کیا جاسکتا ہے ۔اکیسویں صدی کی ہوشربا ترقی کے باوجود اب بھی ہم دماغ کے گوشوں سے واقف نہیں۔ اس ضمن میں ، میڈیسن کے سائنس دانوں نے مکاک بندروں پر دلچسپ تجربات کیے ہیں جس کی تفصیلات شائع ہوئی ہیں۔ انہوں نے دوا کے ذریعے بے ہوش کیے گئے بندروں کے ایک دماغی گوشے سینٹرل لیٹرل تھیلیمس پر 50 ہرٹز کی فریکوئنسی کی بجلی کی جھماکے دیئے تو وہ مکمل طور پر نارمل ہوکر بیدار ہوگئے ۔تھیلیمس کا گوشہ دماغی جڑ یا اسٹیم کے پاس واقع ہوتا ہے اور یہ سونے ، جاگنے ، ہوش میں رکھنے اور چاق و چوبند بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے لیکن اس تجربے نے ہمیں بتایا کہ آخر دماغ کا وہ کونسا حصہ ہے جو بیداری اور شعور میں اپنا اہم کردار ادا کرتا ہے ۔