سیالکوٹ،لاہور (ڈسٹرکٹ رپورٹر،خبر نگار خصوصی)صدر پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب چوہدری قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے حکومت غریبوں سے روٹی کا نوالہ چھین رہی ہے ،روزبروز اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں ،مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں حکومت سنجیدہ نہیں۔تحصیل سمبڑیال کے صدر جاوید اقبال مغل، جنرل سیکرٹری شیخ طاہر دانش سمیت دیگر سے دوران ملاقات گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے ،عوام کو آٹا تک میسر نہیں ،ہر آدمی حکومت کے خلاف چیخ وپکار کررہا ہے لیکن حکومت اپنا اقتدار بچانے کے لیے بھرپور کوشش میں لگی ہے اورعوام کا مذاق اڑایا جارہا ہے ۔عوام بدترین مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، ہر طبقہ مہنگائی کی لہر سے پریشان ہے مگر حکومت سب اچھا کی رٹ لگا کر عوام سے مذاق کررہی ہے ۔لاہور میں میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات پی پی پی پارلیمنٹیرینزڈاکٹر نفیسہ شاہ کہا ہمارا سیاسی قبلہ لاڑکانہ ہے جو عالمی قائدین کا مدفن ہے ، ایک دن آئے گا جب لاہور سے پی پی پی دوبارہ ابھرے گی ،جو ماحول ٹک ٹاک گورنمنٹ نے بنایا ہے اس کیلیے ہمیں کسی تحقیق کی ضرورت نہیں ،ٹک ٹاک حکومت روانہ کی بنیاد پر خود ہمیں مواد فراہم کر رہی ہے ، سلیکٹڈ خاں اس ٹک ٹاک حکومت کے کنگ ہیں ،ان کا تازہ کارنامہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں بے نقاب ہوا،صوبوں اور مرکز میں عمران خان کی کرسی لرز رہی ہے ، آئندہ بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہوں گے ۔