اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت نے باضابطہ طور پر جے یو آئی( ف)کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام پر پابندی عائد کر دی جس کا وزارت داخلہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جے یو آئی( ف )کی پرائیویٹ ملیشیا، رضا کار فورس انصار الاسلام ایک نجی عسکری تنظیم ہے جو قانون کی خلاف ورزی ہے اور پرائیوٹ ملٹری گروپ کا قیام آئین کے آرٹیکل 256 کی خلاف ورزی ہے ۔ نوٹیفکیشن میں صوبائی حکومتوں کو کہاگیا ہے انہیں انصارالاسلام کو کسی بھی قسم کی سرگرمی سے روکنے اور اس کے خلاف ہر طرح کی کارروائی کا مکمل اختیار ہے ۔حکومت نے انصار الاسلام پر پابندی سے قبل چاروں صوبائی حکومتوں سے رضامندی بھی حاصل کی ہے ۔ سندھ سمیت چاروں صوبائی حکومتوں نے وفاقی حکومت کو باقاعدہ مراسلے تحریر کرکے انصار الاسلام پر پابندی لگانے کی تائید کی ہے ۔