لاہور،اسلام آباد،ملتان ، کراچی ،کوئٹہ ،واشنگٹن (جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر، 92نیوز رپورٹ، نیوزایجنسیاں )ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید7 مریض چل بسے جبکہ645 نئے کیس سامنے آگئے ۔ ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد305031 جبکہ ہلاکتیں 6415 ہو گئیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 35720 ٹیسٹ کیے گئے ۔پنجاب میں کورونا کے 130 نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ مزیدایک ہلاکت ہوئی ۔ لاہور میں سمارٹ سیمپلنگ کی رپورٹ جاری کردی گئی ، 39 روز میں121070ٹیسٹ کیے گئے ۔ 112 پازیٹو نکلے ،72707 ٹیسٹ نیگیٹو آئے ، 48260 کی رپورٹ آنا باقی ہے ۔ وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا۔ ایف سی کالج میں بھی ایک طالبعلم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔نشتر انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹیسٹری ملتان کے ڈاکٹر عاطف میں کورونا کی تصدیق ہوگئی ۔ کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد کوئٹہ ، ژوب ،گوادر اور ڈیرہ بگٹی کے 10سکول بند کردئیے گئے ،لورالائی کامیڈیکل کالج ،جامعہ بلوچستان اور کوئٹہ کی وومن یونیورسٹی میں بھی تعلیمی سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔آن لائن کے مطابق حکومت بلوچستان نے تعلیمی اداروں کو دوبارہ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیزز کی تحقیق کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کے بہت کم امکانات ہیں۔پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا کے پاکستان میں کورونا پر قابو پانے سے متعلق بیان نے طبی ماہرین اور اداروں کو تذبذب کا شکار کر دیا ۔پروفیسر اشرف نظامی کی زیرصدارت اجلاس میں پی ایم اے عہدیداران نے نمائندہ ڈبلیو ایچ او کو عالمی وبائی صورتحال میں محتاط رویہ اپنانے اور اپنے بیان کی وضاحت کا مشورہ دیا ہے ۔ادھر دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہ افراد کی تعداد30762167جبکہ ہلاکتیں 957563ہو گئیں۔ امریکہ میں متاثرین ساڑھے 69لاکھ جبکہ بھارت میں 54لاکھ کے قریب پہنچ گئے ۔بھارت میں 24 گھنٹوں میں87 ہزار سے زائد کیس سامنے آگئے ۔وزیرٹرانسپورٹ نتن گدکاری سمیت 30 ارکان پارلیمنٹ بھی متاثر ہو گئے ۔ کورونا کی وجہ سے 1000 سکول فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ان سے آنیوالی ساڑھے 7500 کروڑ روپے کی رقم کو سرمایہ کاری کیلئے استعمال کیا جائیگا۔مانچسٹر میں 15 سکولوں کے 1000 سے زائد بچوں کو آئیسولیٹ کر دیا گیا ۔ اسرائیل میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ جبکہ ایران میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔میڈرڈ حکومت نے بھی مضافات میں لاک ڈاؤن کا حکم دیا ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے یورپ میں بھی متعدد علاقوں میں کورونا کے متاثرین کی تشویشناک تعداد سامنے آرہی ہے ۔