اسلام آباد،لاہور،کراچی ، کوئٹہ ،واشنگٹن ( خبر نگار خصوصی،جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر ،کر ائم رپو رٹر ، اے ایف پی، نیوزایجنسیاں ) ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد37209 ہوگئی جبکہ 803 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرکے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 13700 ٹیسٹ کیے گئے ،ابتک مجموعی طورپر 3 لاکھ44 ہزار 450 ٹیسٹ کیے جاچکے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1430 نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد مصدقہ کیس 37209 ہوگئے ۔ ان میں سے 10155 افراد صحتیاب ہوچکے جبکہ فعال کیسز کی تعداد26 ہزار 260 ہے ۔ پنجاب 13914، سندھ 14099، خیبر پختونخوا 5423، بلوچستان 2310، اسلام آبادمیں 866، گلگت بلتستان میں 501 جبکہ آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد105 ہوگئی۔ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے 33 اموات ہوئیں، اموات کی مجموعی تعداد 803 ہوگئی جبکہ 300 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 356نئے کیس، تعداد13914 ہو گئی۔سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 168 نئے مریض سامنے آئے ۔ فیصل آباد47، گوجرانوالہ 50 ،اوکاڑہ 8، راولپنڈی 11 ،شیخوپورہ 10، سیالکوٹ میں 32 نئے کیس سامنے آئے ۔ کورونا سے ابتک234 اموات جبکہ4720 افراد صحتیاب ہو چکے ۔ پنجاب پولیس کا ایک اوراہلکار کورونا کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ ہیڈ کانسٹیبل رمضان عالم فتح گڑھ مغلپورہ کا رہائشی اور جناح ہسپتال میں زیر علاج تھا۔شہید نے سوگواران میں بیوی، تین بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ نشتر ہسپتال میں دم توڑنے والی کوثر بی بی میں بعد از وفات کورونا کی تصدیق ہو گئی۔کورونا میں مبتلا سابق ریلوے ملازم عبداللہ خان بھی دم توڑ گیا۔ منڈی بہاؤالدین میں 2 پولیس اہلکاروں میں کوروناکی تصدیق ہوگئی۔اے ایس آئی اشرف اور کانسٹیبل قمر عباس کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کورونا وائرس کے 535 مریض صحتیاب ہوئے اور 817 نئے کیس سامنے آئے جبکہ 12 مزید مریضوں کی اموات کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 258 ہوگئی ۔پاکستان ٹوبیکو کمپنی نوشہرہ اکوڑہ خٹک کے مزید 89 ملازمین کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگئے ۔ ابتک 134 ملازمین میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ۔بلوچستان میں کورونا کا شکار ایک اور مریض چل بسا، 147 نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد 2457ہوگئی۔ ادھر دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 306,530 جبکہ متاثرین 4,594,365ہو گئے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید3,448 اموات ہوئیں جبکہ72,376نئے کیس رپورٹ ہوئے ،45,082 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ قطر ی حکام نے باہرنکلنے والے افراد کیلئے ماسک کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے اس کی خلاف ورزی کرنے پر 2 لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جائے گا۔کورونا کیخلاف کامیاب حکمت عملی کے بعد ویتنام میں زندگی بحال ہو گئی،75فیصد کاروبار،تفریحی مقامات اورپبلک ٹرانسپورٹ کو بھی کھول دیا گیا۔سلووینیا وبا کے اختتام کا باقاعدہ اعلان کر کے سرحدیں کھولنے والا یورپ کا پہلا ملک بن گیا ہے ۔نیویارک کے گورنر نے لاک ڈاؤن میں 28مئی تک توسیع کر دی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا ویکسین کی تیاری کے سلسلے میں آپریشن راپ سپیڈ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ہم اس سال کے اختتام سے پہلے اس کام کو منطقی انجام تک پہنچا دیں۔امریکہ میں 3 کھرب ڈالر کے نئے امدادی پیکج پر ووٹنگ آج ہو گی، بل میں 4افراد پر مشتمل خاندان کیلئے 6ہزار ڈالرامداد مختص کی گئی ہے ، تاہم ریپبلکن پارٹی نے بل کو مسترد کر دیا ۔وبائی امراض کی روک تھام کے امریکی ادارے (سی ڈی سی)نے معمولاتِ زندگی بحال کرنے کیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ وائٹ ہائوس میں15منٹ میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے استعمال ہونے والی ٹیسٹ کِٹ کے نتائج کو مشکوک قراردیدیا گیا۔ امریکہ کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کمشنر سٹیو ہن نے کہا ہے اس بات کا فیصلہ وائٹ ہائوس کو خود کرنا ہوگا کہ وہ کورونا ٹیسٹ کیلئے وہی کِٹ استعمال کرتے رہیں گے جس نے غلط طور پر کئی ٹیسٹوں کی منفی رپورٹ دی ۔عالمی ادارہ صحت کے سائنسدانوں نے کہا ہے افریقہ میں ایک سال کے دوران تقریباً 25 کروڑ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ دو لاکھ کے قریب ہلاکتیں ہو سکتی ہیں ۔ جرمن میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش میں روہنگیا مسلمانوں کے سب سے بڑے پناہ گزین کیمپ میں بھی کورونا کے چند کیسز کا انکشاف ہوا ہے ۔ ڈبلیو ایچ او نے کورونا وائرس کیلئے کرشماتی افریقی دوا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے ہم مڈغاسکر حکومت کیساتھ رابطے میں ہیں۔جاپان کی2 ادویات فیویپیراویر اور کیموسٹیٹ کوکووڈ 19 کے علاج کیلئے اہم سمجھا جارہا ہے ۔ فیویپیراویر انفلوائنزا جبکہ کیموسٹیٹ لبلبے کی سوزش کے عارضے کے علاج کیلئے استعمال کی جاتی ہے ۔برازیلی وزیر صحت نیلسن ٹیش نے کورونا کیخلاف حکمت عملی پر صدر سے اختلافات کے بعد عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔برطانیہ کے ایک میڈیکل جرنل کے مطابق کورونا کے باعث ہسپتالوں پر حد سے زیادہ دباؤ کے نتیجے میں دنیا بھر میں 2 کروڑ 80 لاکھ سرجریاں متاثر ہو سکتی ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں اپنے خلاف ممکنہ قرارداد کو شکست دینے کیلئے چینی سفارتکاروں نے حلیف ممالک سے ملاقاتیں شروع کر دی ہیں۔اس سلسلے کی پہلی ویڈیو کانفرنسز میں چین کے نائب وزیر خارجہ زھینگ زی گؤانگ نے نو کیریبین جزائر اور بحر الکاہل میں واقع جزائر کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔