لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) حکومت نے بیساکھی میلہ 2020کو باضابطہ طور پر منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ فیصلے کی بابت چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد،چیئرمین پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی سردار ستونت سنگھ و ممبران، حکومت پنجاب،قومی سلامتی کے حامل اداروں، بھارت سمیت دنیا بھر کی سکھ سنگتوں کو آگاہ کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز متروکہ وقف املاک بورڈمحمد طارق کی جانب سے ایک مراسلہ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور، حج و بین المذاہب ہم آہنگی کو ارسال کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کی غرض سے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر طرح کے اجتماعات پر پابندی عائد کی جا چکی ہے جس کے سبب ابھی تک بیساکھی میلہ کے لئے کوئی تیاری نہیں کی جا سکی ، میلہ 12اپریل سے 21اپریل تک منعقد ہونا ہے ۔ وزارت داخلہ کے سیکشن آفیسر (انڈیا ۔ون) محمد ثاقب نے ڈپٹی سیکرٹری (ای پی ) وزارت مذہبی امور، حج و بین المذاہب ہم آہنگی کو باضابطہ طور پر مراسلہ ارسال کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے سبب ہدایت کی جاتی ہے کہ بیساکھی میلہ کو منسوخ کر دیا جائے ۔