پچھلی دو دہائیوں کے دوران بھارت اور پاکستان تقریباً تین بار جنگ کے دہانے تک پہنچ گئے تھے، جن میں 2001ء میں بھارتی پارلیمان پر حملہ، 2008ء میں ممبئی کے دو فائیو اسٹار ہوٹلوں پر دہشت گردانہ کارروائی اور 2019ء میں جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی نیم فوجی کانوائے پر خود کش حملہ شامل ہے۔ مگر جو تار ان تینوں واقعات کو جوڑتے ہیں، وہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کو انکے بارے میں پیشگی جانکاری تھی۔ آخر ان واقعات کو روکنے کے لئے انہوں نے کارروائی کیوں نہیں کی؟ یہ ایک بڑا سوال ہے، جو ہنوز جوا ب کا منتظر ہے۔پلوامہ حملوں کی دوسری برسی کے موقعہ پر بھارت کے ایک معروف جریدہ فرنٹ لائن نے انکشاف کیا ہے کہ2 جنوری 2019ء سے13 فروری 2019ء تک یعنی حملہ سے ایک د ن قبل تک حکام کو 11 ایسی خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جن میں واضع طور پر اس حملہ کی پیشن گوئی کی گئی تھی۔ عام انتخابات سے 8ہفتے قبل اس حملے اور اسکے بعد پاکستان کے بالا کوٹ علاقے پر فضائی حملوں نے ایسی جنونی کیفیت پیدا کی کہ جو بھی اس حملہ کے متعلق حقائق جاننا چاہتا تھا، اس کو خاموش کردیاگیا۔ سینئر کانگریسی لیڈراور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ ڈگ وجے سنگھ کے مطابق 8فروری کو جب انہوں نے ٹویٹ کے ذریعے ایک انٹیلی جنس رپورٹ کا حوالہ دیکر سوال کیا ، کہ پیشگی اطلاع کے باوجود یہ حملہ کیسے ہوا ؟ تو ان کے اس ٹویٹ کو ہی بلاک کردیاگیا۔ فرنٹ لائن کے نمائندے آنندوبھکتو نے اس رپورٹ میں بتایا ہے کہ خفیہ اطلاعات اتنی واضح تھیں، کہ ان پر ایکشن نہ لینا مجرمانہ زمرے میں ہی آسکتا ہے۔پولیس سربراہ دلباغ سنگھ اور انسپکٹرجنرل آپریشنز کی میز پر 13فروری کو جو رپورٹ پہنچی، اس میںیہ بھی بتایا گیا تھا کہ قومی شاہرا ہ پر آئی ای ڈی بلاسٹ کی تیاریا ں ہو رہی ہیں۔ ایک دوسرے خفیہ ان پٹ میں ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ تحصیل کے نزدیک قومی شاہراہ پر لتھی پورہ کراسنگ کو ہائی رسک علاقہ بتایا گیا۔ یہ وہی کراسنگ ہے ، جہاں اگلے روز یعنی 14فروری کو دوپہر سوا تین بجے ایک خود کش بمبار نے نیم فوجی دستوں کے ایک کانوائے کو نشانہ بنایا ، جس کے نتیجے میں 40اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ تقریبا ًڈھائی ہزار فوجی دستوں پر مشتمل 78گاڑیوں کا کانوائے جموں سے سرینگر آرہا تھا۔ اس اطلاع میں پولیس کو ہدایت دی گئی تھی کہ قومی شاہراہ کے اس حصے میں سیکورٹی کا خاطر خواہ انتظام کیا جائے۔ پولیس نے بعد میں ایک نوجوان مدثر احمد خان کو اس حملہ کا ماسٹر مائنڈ قرار دیکر 100گھنٹوں کے بعد ہلاک کرکے شاباش سمیٹی ۔بتایا جاتا ہے کہ وہ کئی ماہ سے خفیہ ایجنسیوں کے رڈار پر تھا اور اسکی نقل و حرکت نہایت باریکی کے ساتھ مانیٹر کی جا رہی تھی۔ 25جنوری 2019ء کو جلی حروف میں ایک اطلاع حکام کو موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ مدثر اپنے چار ساتھیوں کے ساتھ مڈورہ گائوں میں موجود ہے اور اگلے چند روز میں اونتی پورہ یا پلوامہ کے آس پاس کوئی بڑی کارروائی ہونے والی ہے۔ 7جنوری کی اطلاع ہے کہ چند افراد دیہاتوں میں مقامی نوجوانوں کو آئی ای ڈی، اور دیگر گولہ بارود و اسلحہ استعمال کرنے کی ٹریننگ دے رہے ہیں۔ ان میں سے ایک شخص کی شناخت غیر کشمیر ی کے طور پر کی گئی تھی۔ 18جنوری کی ایک اور اطلاع میں بتایا گیا کہ 20مقامی اور ایک غیر ملکی عسکری پلوامہ اور اسکے گر د نواح میں ایک بڑی کارروائی کرنے والے ہیں۔ 22جنوری کو موصول ان پٹ میں تحریر ہے کہ مدثر اور اسکے ساتھی بڑی کارروائی کرنے والے ہیں۔ اس طرح کی کئی اور اطلاعات 13فروری تک مسلسل حکام کو موصول ہوتی رہی ہیں۔ آخری وارننگ مختلف انٹیلی جنس ایجنسیوں کے مشترکہ پلیٹ فارم ملٹی ایجنسی سینٹر یعنی میک پر شیئر کی گئی۔ سوال ہے کہ اتنی واضح پیشگی اطلاعات کے باوجود اس حملہ کو روکنے کیلئے پیش بندی کیوں نہیں کی گئی؟ اگر خفیہ ایجنسیوں کا دعویٰ صحیح ہے کہ مدثر ہی پلوامہ کا ماسٹر مائنڈ تھا، تو اس کے خلاف قبل از وقت کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ جب کی اس کی نقل و حرکت پر خصوصی نظر رکھی جا رہی تھی۔ حملہ کے چند روزبعد اسکو عبدالرشید غازی کے ساتھ ہلاک کرکے بظاہر تفتیش کی فائل بند کر دی گئی۔ اس خود کش حملہ کے ایک روز قبل جموں و کشمیر پولیس میں خاصا رد و بدل کیا گیا، جس میں اونتی پورہ کے پولیس آفیسر محمد زید کی ٹرانسفر بھی شامل تھی۔کسی کارروائی کے خدشہ کے درمیان پولیس میں رو د بدل کرنا اور اس علاقے کے پولیس انچارج کو عین موقع پر ایسے وقت تبدیل کرنا ، جب و ہ خفیہ اطلاعات کی بنا پر پیش بندیا ں کر رہا تھا، ایک ایسا سوال ہے ، جس کا جواب حکام کیلئے دینا لازمی ہے، کیونکہ اس حملہ کو بنیاد بنا کر پورے ملک پر ایک جنگی جنون طاری کیا گیا ۔ جس کے نتیجے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے دوسری بار قطعی اکثریت کے ساتھ اقتدار میں واپسی کی اور اسی کے نتیجے میں جموں و کشمیر کی آئینی خصوصی حیثیت ختم کرکے اسکو دو حصوں میں تقسیم کیاگیا۔ معروف صحافی اور تھنک ٹینک آبزور ریسرچ فاونڈیشن کے ایک ممبر ستیش مشرا کے بقول’’ 40سیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکت مودی کیلئے بھگوان کا وردان ثابت ہوگئی، اس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سیاسی غبارہ میں دوبارہ ہوا بھر دی، جو زمین کی طرف آرہا تھا ۔‘‘جس وقت پلوامہ میں حملہ ہوا، تو مودی اسوقت اتراکھنڈ صوبہ کی جم کاربٹ نیشنل پارک میں ڈسکوری ٹی وی چینل کے پروگرام Man V/S Wild کے اینکر بیر گریلز کے ساتھ شوٹنگ میں مصروف تھے۔ اس کے فوراً بعد جب وہ فون پر ایک جلسہ سے خطاب کر رہے تھے، تو اس میں انہوں نے پلوامہ کا نام تک نہیں لیا، کیونکہ و ہ جانتے تھے، کہ اس کو کب کیش کروانا ہے۔ عام انتخابات سے قبل موخر ادارہ سینٹر فار سوسئیٹل ڈیولپمنٹ اسٹڈیز کے ایک جائزہ میں بتایا گیا تھا کہ 19صوبوں میں مودی مخالف لہر چل رہی ہے۔ اس سے ایک سال قبل 21اسمبلی اور لوک سبھا کی نشستوں کے جو ضمنی انتخابات ہوئے، ان میں بی جے پی کو محض دو نشستیں حاصل ہوئی تھیں ۔ ہندو انتہا پسندوں کے گڈھ یعنی اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کی سیٹ گھورکھپورسے بھی بی جے پی انتخابات ہار گئی تھی۔ اس کے علاوہ پارٹی راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڈھ صوبے گنوا چکی تھی اور مودی کی آبائی ریاست گجرات میں تو کانگریس نے کانٹے کی ٹکر دی تھی۔ ایک اور ادارے ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک رائٹس کے ایک سروے میں بتایا گیا تھا کہ صرف 3.6فیصد ووٹر دہشت گردی یا پاکستان کو کوئی ایشو مانتے ہیں۔ اکثریت نے معاشی صورت حال، نوکریوں کی فراہمی کو انتخابات کے اہم ایشو قرار دیا تھا۔ مگر گودی میڈیا کے ذریعے پلوامہ اور بالا کوٹ کے واقعات کو لیکر ایک جنگی جنون طاری کردیا گیا۔ نوکریا ں اور معاشی صورت حال پیچھے چلی گئیں۔ووٹروں کو بتایا گیا کہ پاکستان اور کشمیریوں کو سبق سکھانے کیلئے ایک سخت شبہہ والے حکمران کی ضرورت ہے۔ ان حملوں کے فوراً بعد بھارت کی ایما ء پر امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جیش محمد کو عالمی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کروانے پر ایک قرار داد پیش کی، جس کومنظور کیا گیا۔ پاکستان پر ایف اے ٹی ایف کی تلوار مزید نیچے کی گئی۔(جاری ہے)