اسلام آبا،لاہور ،ملتان ،نیویارک (سپیشل رپورٹر ، جنرل رپورٹر ،ایجنسیاں ) کورونا سے ملک بھرمیں مزید 43مریض انتقال کر گئے جس کے بعد انتقال کرنے والوں کی تعداد11247تک پہنچ گئی ، گذشتہ24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1927 نئے کیسز سامنے آئے اور متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار 818 تک پہنچ گئی، تشویشناک حالت میں موجود مریضوں کی تعداد2283 تک پہنچ گئی ، صدر بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب میں تعینات تقریبا 200نیشنل گارڈزبھی کورونا کا شکار ہوگئے ۔ این سی اوسی کی جانب سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح2.1فیصد جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح91.3فیصد تک پہنچ چکی ہے ، پنجاب میں کورونا کے 767نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور تعداد152،925 ہو گئی۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق کورونا سے مزید14ہلاکتیں ہوئیں ،اموات کی کل تعداد 4،537ہوچکی ہے ۔ لاہورمیں 467،ننکانہ2،قصور 3،شیخوپورہ5،راولپنڈی32،جہلم 22 ،فیصل آباد میں 43 کیس رپورٹ ہوئے ۔ حلقہ پی پی 235کے ایم پی اے نواب علی رضا خان خاکوانی کوروناوائرس میں مبتلا ہوگئے جبکہ دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 کروڑ 87 لاکھ 50 ہزار تک جا پہنچی جبکہ اموات 21 لاکھ 16 ہزار 438 ہو گئیں۔ کورونا کے کیسز اور اموات کے اعتبار سے امریکہ پہلے ، بھارت دوسرے نمبر پر ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریاسس نے کہا ہے کہ امریکی دوا ساز کمپنی فائزر اور جرمن دوا ساز کمپنی بائیو این ٹیک کے ساتھ غریب ملکوں کے لیے چالیس ملین ویکسین فراہم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نئے امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے کوویکس سکیم میں امریکہ کی شمولیت کے فیصلے کا مطلب ہے کہ عالمی ادارہ اپنے وعدے کو پورا کرنے کے قریب ہے ،ہانگ کانگ نے پہلی مرتبہ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا، شہر کے ایک ضلع کے دس ہزار رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کا حکم دیدیا گیا تاکہ سب لوگوں کا کورونا ٹیسٹ کیا جا سکے گا،سری لنکا کے وزیر صحت پاوتھرا کورونا کا شکار ہو گئے ،سپین کے چیف آف دی ڈیفنس سٹاف جنرل میگوئیل اینگل اپنی مقررہ باری سے پہلے کورونا ویکسین لگوانے پر شدید عوامی تنقید کے بعد مستعفی ہو گئے ۔ جنرل میگوئیل ترجیحی فہرست میں شامل نہیں تھے لیکن پھر بھی انہوں نے ویکسین لگوائی۔