لاہور(نمائندہ خصوصی سے )صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئرراجہ بشارت نے محکمہ کوآپریٹوز پنجاب کی جائیدادوں کے معاملات میں مبینہ بدعنوانیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ دار عناصر کا محاسبہ کیا جائے گا اور ناجائز قابضین سے زمینیں واگزار کرا کے شفاف طریقے سے نیلام کی جائیں گی جبکہ کوآپریٹوز سکینڈل کے متاثرین کی شکایات کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔وہ سول سیکرٹریٹ میں پنجاب کوآپریٹوز لیکوڈیشن بورڈ کے حوالے سے قائم سپیشل کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔صوبائی وزیر کوآپریٹوزمحمد اسلم بھروانہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون، سیکرٹری کوآپریٹوز، چیئرپرسن و سیکرٹری لیکوڈیشن بورڈ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔اجلاس میں بورڈ کی املاک اوردیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔راجہ بشارت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ سرکاری زمینوں کو ناجائز قابضین سے فوری واگذار کرا کے مفاد عامہ کے استعمال میں لائی جائیں۔انہوں نے عدالت عظمیٰ میں زیر التوا مقدمات کی موثر پیروی پر زور دیا۔ سیکرٹری لیکوڈیشن بورڈ نے بتایا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران کوآپریٹوز میں ڈیڑھ کھرب روپے کے فراڈ پکڑنے ہیں اور نیب و اینٹی کرپشن میں مقدمات درج کرانے گئے ہیں۔ راجہ بشارت نے مبینہ بے ضابطگی کی شکائت پرفیصل آباد میں واقع بورڈ کی 31 کنال اراضی سے متعلق ڈپٹی کمشنر سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔کمیٹی نے بورڈ کی جانب سے غیر قانونی طور پر جائدادوں کو لیزاورکرائے پر دینے کا سخت نوٹس لیا جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری سردار اعجاز احمد نے اس معاملے کی انکوائری کا حکم بھی دیا۔