کوئٹہ، اسلام آباد، لاہور (آن لائن، مانیٹرنگ ڈیسک ، کرائم رپورٹر)کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹائون میں منی مارکیٹ کے قریب دھماکہ سے چار پولیس اہلکار شہید جبکہ اہلکاروں سمیت 11افراد زخمی ہو گئے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکہ پولیس وین کے قریب ہوا ۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ ڈی آئی جی پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد فائرنگ بھی ہوئی۔مسجد کے باہر کھڑی پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا ۔سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگونے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ پولیس وین کے قریب ہوا ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور اس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ شہید ہونے والے اہلکاروں میں مشتاق شاہ ، ذوالفقار،اسحاق اور غلام نبی شامل ہیں جبکہ عقیل ‘ خالق داد ‘ وارث ، قاسم ‘ حاجی عبدالجبار ‘ صبا حسین ‘ ساحل ‘ نیل ‘ وقار ‘ سعید زخمی ہوئے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرجام کمال نے بم دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ملک دشمن عناصر قوتیں کوئٹہ کے حالات کو خراب کرناچاہتے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں، وزیراعلیٰ نے فوری طورپر دھماکہ سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ۔ صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہارمضان میں ایسے حملے پاکستان کیخلاف گھنائونی سازش ہے ۔ مسلم لیگ (ن )کے صدر شہباز شریف نے کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کو یکے بعد دیگرے نشانہ بنانے سے دشمن کے عزائم واضح ہوتے ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے ۔ مریم نواز نے کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہدا کے لواحقین سے تعزیت کااظہار کیا ہے ، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی ہے ۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی جانب سے کوئٹہ میں پولیس وین پر ہونے والے دھماکہ کی مذمت کی۔آئی جی پنجاب نے پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔وزیر اعظم نے کوئٹہ دہشتگردی کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔وزیر اعظم نے کہا ر مضان میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والوں کا کوئی مذہب نہیں ۔بحیثیت قوم ہمارے حوصلے بلند ہیں۔دریں اثناء رات گئے منی مارکیٹ میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔