لاہور(اپنے رپورٹر سے ) شاہراہوں اور بازاروں کو دھونے کیلئے محکمہ بلدیات، اضلاع کی انتظامیہ اور الائیڈ محکموں کے اقدامات جاری ہیں، لیکن تاحال موثر جراثیم کش محلول استعمال نہیں کیا جا سکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت کلورین ملے پانی سے شاہراہوں کو دھویا جا رہا ہے ، جس کا اثر آدھا گھنٹا یا کچھ زیادہ دیر تک رہتا ہے ۔ موثر محلول کے طور پانی میں سوڈیم کلورائیڈ، سوڈیم کلوریٹ اور ہائیپو کلورس ایسڈ کا محلول استعمال کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ، جس کا اثر ایک دن تک رہ سکتا ہے ۔ اس حوالے سے حکومت کی ہیلتھ ایڈوائزری تاحال موصول نہیں ہوئی، جس سے عملدرآمد شروع نہیں ہوا۔ موجودہ صورتحال میں ایک ہزار لیٹر پانی میں ایک لیٹر کلورین شامل کر کے دھویا جا رہا ہے ۔دریں اثنا سیکرٹری بلدیات احمد جاوید قاضی کا کہنا ہے کہ محکمے کے زیر انتظام ابتک صوبے بھر میں 1563عوامی مقامات پر ہاتھ دھونے کیلئے سہولت فراہم کر دی گئی ہے ۔ محکمہ بلدیات کے 3691 ملازمین قرنطینہ مراکز سمیت دیگر جگہوں پر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ کرونا سے جاں بحق میتوں کی تدفین کیلئے 311 ٹیمیں بنائی گئی ہیں ۔