لاہور(اپنے رپورٹر سے ) ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے سمیر احمدسیدنے ہدایت کی ہے کہ اورنج لائن منصوبے میں شامل سڑکوں کی مرمت و بحالی سمیت دیگر تمام زیر تکمیل کام ہر صورت میں مکمل کرلئے جائیں ، ان کاموں سے متعلقہ محکمے اپنے ذمے باقی ماندہ کام جلد ازجلد مکمل کریں تاکہ شہریوں کو دوران سفر کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔اس مقصد کے لئے ان محکموں کے درمیان کوآرڈینشین بہتر کی جائے ،مختلف کاموں کے کنٹریکٹرز اپنے اپنے پیکیج پر ابھی تک کئے جانے والے تعمیراتی کاموں پر نظر ثانی کریں اور باقی رہ جانے والے کام طے شدہ معیار کے مطابق بلاتاخیر مکمل کر نے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔وہ میٹرو ٹرین منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقد ہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے حبیب الحق رندھاوا ‘ ڈائریکٹر ای ایم ای عبد الرزاق چوہان ،پراجیکٹ ڈائریکٹر اقرار حسین اور حماد الحسن ‘ منیجر نیسپاک فرقان احمد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ دریں اثنا لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل اربن پلاننگ رانا ٹکان خان نے دس ہزار فائل ہولڈرز سے ایل ڈی اے سٹی کے ترقیاتی اخراجات(ڈویلپمنٹ چارجز)وصول کرنے کے لئے چالان فارم جاری کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اس مقصد کے لئے ڈائریکٹر آئی ٹی عبدالباسط قمر کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کے دیگر ارکان میں ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو بسمہ آصف اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی نصرت شہباز شامل ہیں۔