اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں ملاقا ت کی ہے ۔ دونوں رہنمائوں کی یہ ملاقات بجٹ اجلاس کے فوری بعد زرداری ہائوس اسلام آباد میں ہوئی اور قومی معاملات میں ساتھ چلنے پر مکمل اتفاق ہوا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے اٹھارہویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈپر شاہ زین بگٹی کے موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی بلوچستان کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونے دے گی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے بلوچستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت کو نظرانداز کرنا سلیکٹڈ حکومت کی ایک اور سنگین نااہلی ہے ۔ جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے دور میں بلوچستان کو آغاز حقوق کا خصوصی پیکیج ملا اس طرح پیپلزپارٹی نے بلوچوں کے زخموں پر مرہم رکھا۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہاکہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ سلیکٹڈ حکومت نے منظور کرلیا مگر یہ عوام کی جانب سے مسترد کیا جاچکا ہے ۔یہ حکومت ہر پاکستانی کی زندگی، صحت اور رہن سہن کو خطرے میں ڈال چکی ہے ، ہر کسان کی فصل اس وقت خطرے میں ہے ۔لوڈشیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی کمر توڑرہا ہے ۔