اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ، این این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہاہے سی پیک کے حوالے سے غلط خبریں پھیلائی جاتی ہیں تاکہ غلط تاثر پھیلے ، سی پیک میں کوئی خفیہ قرضہ نہیں، امریکہ کی ایک رپورٹ میں سی پیک کے حوالے سے غلط خبر پھیلائی گئی ،سی پیک پر دنیا کی نظر رہتی ہے اور کئی قوتیں یہ چاہتی ہیں کہ یہ کامیاب نہ ہو،وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے معاون خصوصی برائے سی پیک امور خالد منصور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا جنگ کے علاوہ ہر حربہ استعمال کیا جاتا ہے جس سے مایوسی پھیلے ، دنیا کو یہ تاثر دیا جا سکے کہ مایوسی ہی ہے ، کچھ ہمارے اپنے لوگ بھی اس پراپیگنڈا کا شکار ہو جاتے ہیں،چینی قرضے پاکستان کے مجموعی قرض کا 10فیصد ، اپنے بھی پراپیگنڈہ کا شکار ہوجاتے ہیں ۔اس موقع پر خالد منصور نے کہاکہ رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ چینی قرض صرف چین سے خریداری کیلئے استعمال ہو گا،یہ بات درست نہیں ہے ،تھر کوئلے کے منصوبوں کیلئے امریکہ سے مشینری خریداری کی گئی۔