ٹیکسلا،واہ کینٹ(تحصیل رپورٹر،نمائندہ 92نیوز ) ناراض لیگی رہنما سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کوئی وزیراعظم عمران خان کو بتائے کہ حکومتیں ٹویٹس پر نہیں چلتیں ،موجودہ حکومت نے قرضے لینے کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں،احتساب کے حوالے سے اپوزیشن کی بہت سی شکایات جائز ہیں، جب کوئی آدمی پکڑا جاتا ہے تو حکومت شور مچاتی ہے کہ نہیں چھوڑ ینگے ،صوبائی اسمبلی کا حلف اٹھانے کا مطلب انتخابی نتائج کو قبول کرنا ہے ۔ٹیکسلا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چو دھری نثار کا کہنا تھا صوبائی اسمبلی کا حلف اٹھانے کا مطلب ہو گا کہ آپ نے انتخابی نتائج تسلیم کر لئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں جو بھی آتی ہیں قرض لیتی رہتی رہی ہیں، لیکن موجودہ حکومت نے قرض لینے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ نواز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چودھری نثار کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا معاملہ عدالتوں میں ہے ، اس پر بات نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے حوالے سے نواز شریف اور عمران خان کی ایک ہی پالیسی ہے ۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اس وقت انتہائی گھمبیر مسائل میں ہے ، ملک کو قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ۔کسی بھی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ مناسب وقت پر کرونگا۔