اسلام آباد ( این این آئی) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل قومی کرکٹ سکواڈ کو چھٹیاں دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔قومی ٹیم کے ذرائع نے بتایا کہ کھلاڑیوں کو آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل مسلسل بائیو سکیور ببل میں نہیں رکھا جائے گا بلکہ صورتِ حال کو اچھے انداز میں مینیج کیا جائے گا تاکہ کھلاڑی تازہ دم رہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے فیصلہ کیا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل قومی کرکٹرز کو چھٹیاں دی جائیں گی، کرکٹرز کی دماغی صحت اور تازہ دم ہونے کے لیے چھٹیاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔کھلاڑی چھٹیوں سے تازہ دم ہو کر بائیو سکیور ببل میں جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق اگر انگلینڈ کیخلاف سیریز ہوئی تو کھلاڑی میچ کھیل کر بائیو سکیور ببل سے ہی متحدہ عرب امارات جائیں گے جہاں آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا آغاز 17 اکتوبر سے ہو گا۔