لاہور(سپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں قومی انڈر۔ 19 کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑیوں کو ڈیبیو کیپ دی گئی۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر طاہر حسین کو سکاٹ لینڈ سے میچ سے قبل قومی ٹیم کے سابق بلے باز محمد یوسف جبکہ محمد شہزاد کو قومی ٹیم کے کوچ اعجاز احمد نے کیپ پہنائی، میچ کے دوران فاسٹ بائولر طاہر حسین نے اپنے پہلے ہی میچ میں مخالف ٹیم کو تگنی کا ناچ نچا دیا۔ انہوں نے سکاٹ لینڈ کے تین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔میچ جیتنے کے بعد تین وکٹیں حاصل کرنے والے طاہر حسین نے کہا کہ وہ آئندہ بھی اپنی پرفارمنس سے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ شائقین نے بھی قومی ٹیم کی بڑے ایونٹ میں پہلی جیت اور طاہر حسین کی پرفارمنس پر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ پاکستان کی پہلی جیت پر سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو سراہا ہے۔