پوچیفسٹروم(سپورٹس ڈیسک ) 13 ویں آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ میں آج مزید تین میچ کھیلے جائیں گے ۔ جنوبی افریقہ میں 13 ویں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں شائقین کرکٹ کو اچھے مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ پہلا میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان پوچیفسٹروم میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ افغانستان اور کینیڈا کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان پوچیفسٹروم کے مقام پر ہی کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا بھارت اور نیوزی لینڈ کی انڈر19 کرکٹ ٹیموں کے درمیان بلوم فونٹین میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم کا میگا ایونٹ کے اپنے گروپ مرحلے میں یہ آخری میچ ہے اس سے قبل پاکستان ٹیم اپنے دونوں میچز جیت چکی ہے ۔ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سپر لیگ مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی جبکہ باقی تمام ٹیمیں پلیٹ چیمپئن شپ کیلئے نبردآزمائی کریں گی۔ ایونٹ میں سپر لیگ مرحلے کا آغاز 28 جنوری سے شروع ہوگا۔ سپر لیگ مرحلے کے اختتام پر 4 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل معرکہ 9 فروری کو ہوگا۔