لاہور( کامرس رپورٹر، خبرنگارخصوصی)ملک نعمان احمد لنگڑیال وزیر زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کپاس ہمارے ملک کی اہم ترین ریشہ دار فصل ہے اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی حیثیت رکھتی ہے جبکہ ٹیکسٹائل برآمدات زرمبادلہ کا بڑا ذریعہ ہیں۔ ملکی روزگار کا 30فیصد حصہ کپاس کے متعلقہ امور سے منسلک ہے ۔ کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں کی اشد ضرورت ہے ۔کھادوں و زرعی ادویات کی قیمتوں اور کوالٹی کو کنٹرول کرنے کے لئے سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں کاٹن کراپ مینجمنٹ گروپ کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹاسک فورس) رانا علی ارشد،ڈائریکٹر جنرل فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن فلک ناز،کاٹن کمشنرڈاکٹر خالد عبداﷲ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، ڈائریکٹر جنرلز زراعت ڈاکٹر محمد انجم علی(توسیع)، ڈاکٹر عابد محمود(ریسرچ)، سید ظفر یاب حید(پیسٹ وارننگ)،ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن ڈاکٹر غضنفر علی خان، ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب محمد رفیق اختر، ڈائریکٹر کاٹن ڈاکٹر صغیر احمد، ڈائریکٹر سی سی آر آئی ڈاکٹر زاہد محمود، ڈائریکٹرز زراعت (توسیع) کاٹن زون، چیف انجینئرزمحکمہ انہار، چئیرمین پی سی جی اے ،پی سی پی اے ، کراپ لائف،اپٹماکے نمائندگان سمیت ترقی پسند کاشتکاروں نے شرکت کی۔