اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ کپاس کی پیداوار میں زبردست کمی ٹیکسٹائل سیکٹر کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے ۔سب سے زیادہ زرمبادلہ کمانے والے ٹیکسٹائل سیکٹر کو تباہی سے بچانے کے لئے کم از کم پچاس لاکھ گانٹھ کپاس کی ڈیوٹی فری درامد کی اجازت دی جائے تاکہ کپاس کی کمی سے صورتحال بگڑنے نہ پائے ۔شاہد رشید بٹ نے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ا مسال کپاس کی پیداوار میں 33فیصد کمی کا امکان ہے یعنی اسکی پیداوار ڈیڑھ کروڑ گانٹھ سے کم ہو کر ایک کروڑ گانٹھ رہ جائے گی جس سے لاکھوں کاشتکار اور ٹیکسٹائل جو ملک کا سب سے بڑا برامدی شعبہ ہے بری طرح متاثر ہو گا۔برامدی ہدف حاصل کرنے کے لئے کم از کم پانچ لاکھ گانٹھ درامد کرنا ہوں گی جس پر ڈیڑھ ارب ڈالر خرچہ آئے گا تاہم اگر ڈیوٹی فری درامد کی اجازت نہ دی گئی تو اخراجات اور کاروباری لاگت میں اضافہ ہو گا جس سے پیداوار اور برامدات متاثر ہونگی۔