لاہور، کوئٹہ( کرائم رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ)کچلاک کے مغربی بائی پاس پرسکیورٹی فورسزکی گاڑی پرحملہ ہوگیا،سکیورٹی ذرائع کے مطابق گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 3اہلکارشہیداور4زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا،سکیورٹی فورسزنے علاقے کوگھیرے میں لے لیا، زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ ڈی آئی خان ظفر آباد کالونی کے قریب پولیس مقابلے میں ایک مبینہ دہشتگرد کو ہلاک کردیا گیا، پولیس کے مطابق ہلاک دہشتگرد کفایت اللہ کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے ۔ سی ٹی ڈی گوجرانوالہ نے سیالکوٹ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرکے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے دہشتگرد کو گرفتار کرلیا اور قبضہ سے آئی ای ڈی کے ساتھ دھماکہ خیز مواد ، نفرت انگیز مواد اور جمع کردہ فنڈز اور مزید فنڈز جمع کرنے کی رسید کتاب بھی برآمد کرلی، سی ٹی ڈی گوجرانوالہ کو ذرائع سے اطلاع ملی ایک دہشت گرد جس کوٹلی بھٹہ وزیر آباد روڈ سیالکوٹ کے قریب موجود ہے اور سیالکوٹ میں ایک حساس ایجنسی کے اہلکاروں پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے ، اس اطلاع پر سی ٹی ڈی ٹیم نے اس جگہ پر چھاپہ مار کر دہشت گرد زیارت گل عرف شاہ رخ خان کو گرفتار کرلیا، دوران تفتیش دہشتگرد نے اس خطے میں دہشت گرد تنظیم کی منصوبہ بندی کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں، سی ٹی ڈی کی جانب سے گرفتار دہشتگرد کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں، ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق پولیس سٹیشن سی ٹی ڈی گوجرانوالہ میں مقدمہ کرلیا گیا۔