اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی،این این آئی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کچی آبادیوں کو جدید خطوط پر ترقی دے کر تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں معاشرے کے غریب طبقات کو نظر انداز کیا گیا، ان کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے ۔ گزشتہ روز عارف علوی کی زیرصدارت ایوان صدر میں کچی آبادیوں کی ترقی پر اجلاس ہوا۔ جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، ایم پی اے فردوس شمیم نقوی، نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے چیئرمین انور حیدر،طارق نجیب نجمی، سیکرٹری ہائوسنگ عمران زیب خان، ڈپٹی چیئرمین این پی ایچ اے ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل،عقیل کریم ڈھیڈی اور دیگر نے شرکت کی۔ صدر نے کہا کہ کچی آبادیوں میں سکول، کالج، ہسپتال، کاروباری مراکز، مساجد، پارکس، کھیل کے میدان اور سڑکوں جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اجلاس میں کچی آبادیوں کو رہائشی علاقوں میں تبدیل کرنے کی مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا اورکراچی میں سرکاری اراضی کے تعمیری استعمال کے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی جو وفاقی حکومت کی اراضی اور کوارٹرز جن پر لوگوں نے غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے کے متعلق قابل عمل حل پیش کرے گی۔ اجلاس میں اتفاق ہوا کہ کچی آبادیوں اور کراچی میں وفاقی حکومت کی اراضی و کوارٹرز کے متعلق ترقیاتی منصوبہ شروع کرنے سے قبل تمام شراکت داروں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔دریں اثناصدرعارف علوی سے گورنر سندھ نے ملاقات بھی کی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر