واشنگٹن( ویب ڈیسک) اگر آپ جسمانی ورم میں کمی، عمر بڑھنے سے لاحق ہونے والے امراض اور لمبی زندگی چاہتے ہیں تو اچھی اور کم مقدار میں غذا کا استعمال عادت بنالیں۔یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ امریکہ اور چین کے سائنسدانوں کی اس تحقیق میں چوہوں میں کیلوریز کی کم مقدار سے خلیات پر مرتب ہونے والے اب تک کا سب سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ نئی تحقیق میں چوہوں کو عام معمول کے مقابلے میں 30 فیصد کم مقدار میں غذا کھانے کے لیے دی گئی۔ان جانوروں کی غذا پر اس کنٹرول کا دورانیہ 9 ماہ تک رہا اور تحقیق کے آغاز اور اختتام پر سائنسدانوں نے 56 چوہوں میں 40 اقسام کے خلیات کی ایک لاکھ 68 ہزار سے زائد تعداد کا تجزیہ کیا۔معمول کی غذا کھانے والے چوہوں کے خلیات میں عمر بڑھنے کے ساتھ تبدیلیاں آئیں جبکہ ایسا کم کیلوریز والی غذا کھانے والے چوہوں میں دیکھنے میں نہیں آیا، یہاں تک کہ بوڑھے چوہوں میں بھی نہیں۔