اسلام آباد؍ مقبوضہ بیت المقدس ( خبر نگار خصوصی؍ آن لائن) سعود ی حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعدمسجد نبوی کو نماز کی ادائیگی کے لئے کھول دیا ۔اس موقع پر نمازیوں کا جوش وخروش دیدنی تھا اور فرزندان اسلام بڑی تعداد میں جوق در جوق نماز کی ادائیگی کے لئے مسجد نبوی آئے ۔ مسجد کو گنجائش کے حساب سے نمازیوں کے لئے کھولا گیا ہے ۔نماز کی ادائیگی کے وقت کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھا گیا اور زیادہ تر نمازیوں نے ماسک پہنے تھے اور جائے نماز ساتھ لائے تھے جبکہ صف بندی میں آپس میں متعین فاصلہ بھی رکھا گیا۔مسجد کے دروازوں پر نمازیوں کا درجہ حرارت معلوم کرنے کے لئے خود کار خصوصی تھرمل کیمرے نصب کئے گئے ہیں جن پر طبی اہلکاروں کو مامور کیا گیا ہے ۔ادھر مسجد اقصیٰ کو بھی نماز کیلئے کھول دیا گیا ہے ،نماز فجر کے وقت فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے مسجد اقصیٰ میں حاضری دی اور فجر کی نماز ادا کی۔اسرائیلی فوج نے فلسطینی نمازیوں کو مسجد اقصیٰ میں آنے سے روکنے کے لئے باب العامود، وادی حلوہ اور سلوان سمیت القدس کے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر رکھی تھیں تاہم اس کے باوجود فلسطینیوں کی بڑی تعداد مسجد اقصیٰ پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔