نارووال(مانیٹرنگ ڈیسک )گوردوارہ بابا گورونانک کرتار پور پاکستانی شہریوں کیلئے بھی کھول دیا گیا۔ 10ہزار سے زائد پاکستانی شہری گوردوارہ کرتارپور دیکھنے کیلئے پہنچ گئے ۔خواتین ، بچوں کی بھی بڑی تعداد دیکھنے کیلئے آئی، گوردوارہ میں داخل ہونے کیلئے قومی شناختی کار لازمی قرار دے دیا گیا۔ گوردوارے میں داخلے کیلئے 200روپے فی کس فیس مقرر کردی گئی۔پارکنگ سے گوردوارہ تک گاڑیوں کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔کرتارپور دیکھنے کیلئے سینکڑوں فیملیز اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد گوجرانوالہ ، سیالکوٹ اور دیگر شہروں سے آئیں۔ لاہور سے درجنوں نوجوان ہیوی موٹر سائیکل پر کرتارپور دیکھنے کیلئے گئے ۔شہریوں نے کرتارپور کا میگا پروجیکٹ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ کرتارپور میں سکیورٹی فورسز کے سخت انتظامات تھے ، بغیر چیکنگ اور اضافی سامان لیجانے پر پابندی تھی، بغیر شناختی کارڈ کے کسی کو داخل نہیں ہونے دیا گیا۔