لاہور(اپنے سٹاف رپورٹرسے ،سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنماکھوکھر برادران کے مبینہ قبضہ سے جوہر ٹاؤن کے علاقے میں آ پریشن کرکے 38کنال قیمتی اراضی واگزار کرالی گئی ، سیف الملوک کھوکھر کے بھانجے طاہر جاوید کا گھر مسمار کردیا گیا، ایل ڈی اے کی جانب سے سیف الملوک کھوکھر کے برادر نسبتی کا گھر بھی مسمار کیا گیا، پیلس سے ملحقہ مارکیٹ بھی مسمار کردی گئی ، دوران آپریشن کھوکھر برادران کی جانب سے کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی گئی، لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن میں غیرقانونی تعمیر کھوکھر پیلس کے خلاف آپریشن کیا گیا،انتظامیہ کے ساتھ پولیس کی بھاری نفری موجود رہی، پورے علاقے کو گھیرے میں لیا گیا،کنٹینر لگاکر کھوکھر پیلس کی طرف آنے جانے والے راستے عوام کے لئے بند کردیئے گئے ،کھوکھر پیلس کا عقبی دروازہ اور دیوار بھی گرا دی گئی، ایف آئی آر کے مطابق لوگوں کی زمینوں پر غیر قانونی قبضہ کرکے کھوکھر پیلس تعمیر کیا گیا، ضلعی انتظامیہ کا کہناہے واگزار زمین کی مالیت سوا ارب روپے ہے ،کھوکھر برادران نے مبینہ جعل سازی سے زمین پر قبضہ کیا تھا، کلکٹر اشتمال کے فیصلہ کی روشنی میں آپریشن کر کے زمین کو واگزار کرایا گیا، آپریشن صبح 6 بجے شروع کیا گیا جو تقریباً 8گھنٹے جاری رہا۔تعمیراتی ڈھانچے اور دکانوں کو مسمار کردیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے سیف الملوک کھوکھر کو ٹیلی فون کیا اور حکومتی اقدام کی مذمت کی،نواز شریف نے کہا حکومت کے ظالمانہ جبر و ظلم کا مقابلہ ضرور کریں گے ، ظلم جب بڑھتا ہے تو مٹ جاتاہے ، وہ وقت دور نہیں جب عوام حکومتی ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے ، مسلم لیگ ن کا ہر کارکن اور رہنماحکومتی فسطایت سے گھبرانے والا نہیں، کھوکھر برادران کو میرا ساتھ دینے کی سزا دی جارہی ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کیساتھ وفا کے جرم میں انتقام کا نشانہ بننے والوں کو سلام پیش کرتی ہوں، مریم نواز نے کہا ایک قانون طاقت ور کے لئے جو بنی گالہ کے ناجائز محل کو قانونی بنا دیتا ہے ، دوسرا قانون مخالفین کے لئے جس کے شر سے اپوزیشن کے گھر محفوظ نہیں۔ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے ۔ کھوکھر برادران جماعت کا بہت بڑا سرمایہ ہیں۔ ظلم و انتقام کا سامنا کیا مگر پیچھے ہٹے نہ ہی نواز شریف سے بے وفائی کی۔ شاباش ! ہر ظلم کا حساب ہوگا۔ دوسری طرف ن لیگ نے کھوکھر برادران کی ملکیتی تعمیرات کو گرانے کے معاملے کو قومی اور پنجاب اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان کردیا اور کہا اس کے خلاف ہر سطح پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا،سعد رفیق ، عمران نذیر، رمضان صدیق بھٹی اور دیگر رہنما اظہار یک جہتی کیلئے کھوکھر برادران کی رہائش گاہ پہنچے اور کہا اپنی پوری زندگی میں اتنے کم ظرف حکمران نہیں دیکھے ، سیف الملوک نے کہا اگر یہ قبضہ ہے تو یہ اعلیٰ عدلیہ نے کرایا ، میری بیٹی، بہن اور سالے کا گھر ،پلازہ گرا دیا گیا، میں تیسرا خریدار ہوں اور ایک ایک مرلہ ہمارا املکیتی ہے ۔ سعد رفیق او رخواجہ عمران نذیر کی پولیس اہلکاروں سے بحث اور تکرار بھی ہوئی ، سعد رفیق نے کہا کھوکھر برادران پرانے ساتھی ہیں،ان کا جرم یہی ہے کہ یہ مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم اورکاروان جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایک طرف تعاون کی بھیک مانگتے ہو اوردوسری طرف ہمارے ایم این اے اور ایم پی اے کے گھروں کو گراتے ہو،آپ نے عدالتوں کے احکامات کے پر خچے اڑا دیئے ہیں، دریں اثنا رانا ثنا ء اللہ نے کھوکھر پیلس گرانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا عمران خان بغض نوازشریف میں اندھے ہوچکے ہیں ، ن لیگ بزدار حکومت کے ناقابل معافی جرم کو ہرگز فراموش نہیں کرے گی، پنجاب پولیس اور ضلعی انتظامیہ سلطنت عمرانیہ کی آلہ کار بننے سے باز رہے ۔بنی گالہ اینڈ کمپنی کے آرڈر چلنے ہیں تو عدالتوں کو تالے لگادیں۔