اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ تعمیری سوچ کے فروغ اور تخلیقی سرگرمیوں کو بڑھانے میں کھیلوں کا اہم مقام ہے۔ گزشتہ روزسینٹ سیکرٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینٹ سے پارلیمنٹ ہائوس میں مظفرآباد ٹائیگرز نامی کرکٹ ٹیم کے نمائندوں نے ملاقات کی اورچیئرمین سینٹ کو بتایا کہ آزاد کشمیر میں اس وقت پی ایس ایل کی طرز پر کشمیر پریمیئر لیگ کے نام سے ایک کرکٹ میلے کا انعقاد کیا ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کشمیر پریمیئر کے انعقاد کو انتہائی خوش آئند قرارد یا اور کہا کہ مختلف کھیلوں کی سرپرستی انتہائی ضروری ہے تا کہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے ا ور اجاگر کرنے کا موقع ملے۔