اقوام متحدہ،اسلام آباد،بیجنگ،برلن(ندیم منظور سلہری سے ،سپیشل رپورٹر، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز) اقوام متحدہ کی75ویں سالگرہ پروزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے آج بھی منتظرہیں۔دوسری جنگ عظیم کا موجب بننے والی نسل پرستی اور فسطائی قوتیں غیرملکیوں اور اسلام سے نفرت کی شکل میں دوبارہ سر اٹھارہی ہیں۔فسطائی نظریات پر کاربند دیگر ایسے ممالک بھی ہیں جو اقوام متحدہ کے اصولوں کی سرعام دھجیاں اڑاتے ہیں۔گزشتہ روز اقوام متحدہ کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر جنرل اسمبلی کے اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی ڈائمنڈ جوبلی منانا تاریخی موقع لیکن جموں و کشمیر اور فلسطین کے تنازعات اسکی دیرینہ اور واضح ترین ناکامیوں کے مظاہر ہیں۔ خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اقوام متحدہ کی کمزوریوں اور ناکامیوں کو نظرانداز نہیں کرنا۔ اقوام متحدہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام سے استصواب رائے کے حق کا وعدہ کیا تھا۔اگرچہ کورونا کے مقابلے کیلئے ہم بے پناہ عالمی تعاون دیکھ چکے لیکن یہ ادارہ بنی نوع انسان کو اس طرح متحد کرنے میں ناکام رہا ہے جیسا کہ کیاجاسکتا تھا۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے خطاب میں ایک بار پھر پاکستان اورکشمیرسے دوستی ثابت کی اور کہا کہ کشمیر اب بھی اہم تنازع ہے ،ہم اسکااقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں۔ جنوبی ایشیا کے امن کا انحصار تنازع کشمیر کے حل پرہے ، بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے مسئلہ مزیدپیچیدہ کردیا۔آزاد فلسطینی ریاست کادارالحکومت بیت المقدس ہی مسئلہ فلسطین کا واحد حل ہے ۔ اقوام متحدہ 15 مارچ کواسلاموفوبیاکیخلاف عالمی یکجہتی کادن قراردے ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب میں اقوام متحدہ سے کہاکہ وہ چین کو کورونا کا ذمہ دار قرار دے ، ہم پوشیدہ دشمن چائنہ وائرس کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ چین ہزاروں ٹن پلاسٹک اور کچرا بھی سمندروں میں پھینک رہا ۔چین کو کٹہرے میں کھڑا کیا اور جوابدہ بنانا چاہئے ۔ چین کے صدرشی جن پنگ نے خطاب میں انصاف، باہمی احترام اور ممالک کی برابری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کو عالمی امور پر غلبہ حاصل کرنیکا حق حاصل نہیں ۔ اقوام متحدہ قانون کی بالادستی یقینی بنائے اور تعاون بڑھائے ۔کورونا پرسیاست کی کوشش کومستردکرناچاہئے ۔چین پوری دنیا کو ویکسین فراہم کریگا،ترقی پذیر ممالک پہلی ترجیح ہونگے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خطاب میں کہا کہ کثیرالجہتی چیلنجز درپیش ہیں مگر حل نہیں۔ تمام چھوٹے بڑے ممالک کو آپس میں تعاون کر کے اقوام متحدہ کو مضبوط کرنا چاہئے ۔ امریکہ اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے ہم ایک انتہائی خطرناک سمت کی جانب گامزن ہیں ۔ اقوام متحدہ میں چین کے سفیرجانگ جون نے کہا کہ امریکہ جنرل اسمبلی میں سیاسی وائرس پھیلا رہا ہے ۔جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں تبدیلی کی ضرورت ہے ،جرمنی کوئی بھی ذمہ داری اٹھانے کیلئے تیار ہے ۔