ٍواشنگٹن،ہونولولو(صباح نیوز، نیٹ نیوز ) امریکی ریاست ہوائی میں واقع مشہور بحری فوجی اڈے پرل ہاربر پر فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ فائرنگ کے واقع کے دوران بھارتی فضائیہ کے سربراہ ’آر کے ایس بھدوریہ‘ اور چند بھارتی اہلکار بھی پرل ہاربر کے فوجی اڈے پر موجود تھے تاہم وہ سب محفوظ رہے ۔حملہ آور نے فائرنگ کے بعد گو لی مار کر خو دکشی کرلی ۔امریکی میڈیا کے مطابق پرل ہاربر پر نیوی کے اہلکار نے اچانک امریکی محکمہ دفاع کے سویلین ملازمین پر اندھا دھند گولیاں برساں دیں۔ نیوی اہلکار نے فائرنگ کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی بھی کرلی۔حملے میں محکمہ دفاع کے 2 اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔حکام کے مطابق فوری طور پر حملے کے محرکات سامنے نہیں آئے اور واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ واقعے کے بعد پرل ہاربر پر سکیو رٹی سخت کرتے ہوئے اسے کچھ دیر کیلئے بند کردیا گیا اور علاقے کو گھیر کر سر چ آ پر یشن کیا گیا ۔جب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا بھارتی فضائیہ کے سربراہ ’آر کے ایس بھدوریہ‘ اور چند بھارتی اہلکار بھی پرل ہاربر کے فوجی اڈے پر موجود تھے تاہم وہ سب محفوظ رہے ۔ بھارتی ائرچیف پیسیفیک ائرفورس چیفس کانفرنس میں شرکت کیلئے ہوائی میں موجود ہیں اور علاقائی سکیو رٹی امور پر بات چیت کے لیے پرل ہاربر کا دورہ کررہے تھے ۔ امریکی نیوی اور بیس کے سکیورٹی حکام نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔واضح رہے کہ پرل ہاربر وہ مشہور فوجی اڈہ ہے جس پر 7 دسمبر 1941 کو جاپانی فضائیہ نے اچانک حملہ کیا تھا جس سے 8 امریکی بحری جہاز اور 188 طیارے مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے اور 9 بحری جہازوں کو شدید نقصان پہنچا تھا، جبکہ 2403 امریکی فوجی اور 68 شہری ہلاک ہوئے تھے ۔