کراچی(سٹاف رپورٹر،کامرس رپورٹر) کراچی میں پراسرارگیس کے حوالے سے کیماڑی اورملحقہ علاقوں میں صورتحال معمول پرآگئی ہے ۔بدھ کو کسی جانی نقصان یاعلالت کاواقعہ نہیں ہواتاہم 35 افراد نے طبعیت خراب ہونے کی شکایت کی۔ ہسپتال میں فوری طبی امداد کے بعدان کی طبیعت بحال ہوگئی۔دوسری جانب پاکستان شپ ایجنٹس ایسوسی ایشن نے سویابین کارگوکے حوالے سے جان لیوازہریلی گیس کے اخراج کو گمراہ کن قرار دیاہے ۔ اعلامیے میں کہاگیاہے کہ سویابین کارگو کے جہاز پر اتوار اورپیر کوصرف 2شفٹوں میں 600مزدوروں نے کام کیامگر کوئی بھی اس دوران زہریلی گیس سے متاثرنہیں ہوا۔ دوسری طرف شہر میں پٹرول کی قلت کی افواہ کے باعث کئی پٹرول پمپ بند ہوگئے ، جو کھلے تھے ان پر پٹرول لینے والوں کا رش لگ گیا، دریں اثنا پی ایس او نے پٹرول کی قلت کی خبروں کو افواہ قراردیدیا ہے جبکہ آئل ٹینکرایسوسی ایشن نے کیماڑی سے ایندھن کی سپلائی بحال کرنیکا مطالبہ کیا ہے ۔