لاہور(سپورٹس رپورٹر) مانچسٹر ٹیسٹ کے دوسرے روز قومی ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے شاندار سنچری سکور کرلی۔تفصیلات کے مطابق مانچسٹر ٹیسٹ کے دوسرے روز اوپنر شان مسعود نے جم کر انگلش اٹیک کا مقابلہ کیا اور بہترین بلے بازی سے شاندار سنچری سکور کی ۔شان مسعود کی ٹیسٹ میچز میں یہ مسلسل تیسری سنچری ہے ، شان مسعود نے ٹیسٹ کیریئر کی یہ چوتھی سنچری سکور کی۔واضح رہے کہ 24 سال بعد کسی پاکستانی اوپنر نے انگلینڈ میں سنچری سکور کی ہے اس سے قبل 1996 میں سعید انور نے انگلینڈ میں 176 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ٹیسٹ میچ میں سنچری کے بعد شان مسعود نے جب پویلین کی جانب ٹیم مینجمنٹ اور ساتھی کھلاڑیوں کی داد کا جواب دیا تو قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان سب سے زیادہ خوش نظر آئے ۔ یاد رہے کہ میچ سے قبل یونس خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ انگلینڈ میں پاکستانی بلے باز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ قومی ٹیم کے ٹریننگ سیشنز کے دوران شان مسعود بیٹنگ کوچ یونس خان کی خاص توجہ کا مرکز رہے تھے ۔