مری،فیصل آباد ،وہوا(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،نمائندگان 92 نیوز، نیوزرپورٹر، خصوصی رپورٹر ) فیصل آباد سمیت کئی شہروں بارش اور ژالہ باری ہوئی ۔ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے جاری رہا۔تفصیلات کے مطابق مری میں جمعرات کو بھی برفباری اور ژالہ باری ہوئی جس سے مری میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جبکہ سکول جانے والے بچوں کو شدید سردی کے باعث پریشانی کاسامنا رہا ہلکی برفباری سے پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی جبکہ مری آئے سیاح مری میں مارچ کے مہینے میں برفباری دیکھ کر خوش ہوتے رہے ۔فیصل آباد کے متعدد علاقوں میں اچانک ہونے والی ژالہ باری اور بارش نے محکمہ موسمیات کے تما م اندازے غلط ثابت کردئیے ۔ ژالہ باری نے فیصل آباد میں ہی ملکہ کوہسار مری کا سماں باندھ دیا۔صبح ہلکی بارش کے بعد تیز دھوپ نکلنے پر اچانک ہی شروع ہونے والی شدید بارش اورژالہ باری کے باعث شہری خوشی اورحیرانی کا شکاررہے ۔ گٹ والا میں زیر تعمیر مارکی کے مختلف حصے گر گئے تا ہم کو ئی بھی جانی نقصان نہیں ہو ا کمالیہ شہر اور گردونواح میں ژالہ باری ہوئی۔ سرگودھا اور گردونواح میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ۔ وہوااور نواحی قصبات میں شدید بارش اورژالہ باری کے باعث نظام زندگی معطل ہوکر رہ گیا ۔ژالہ باری کے باعث ہزاروں ایکڑ اراضی پر کاشتہ گندم اور چنے کی فصل مکمل طور پر تباہ ہوکر رہ گئی ۔ ٹرائبل ایریا کے علاقوں میں ژالہ باری سے اولے لگنے سے چراگاہوں میں موجود درجنوں مویشی لاپتہ ہوکر رہ گئے جبکہ بارش کے بعد برساتی ندی نالوں میں شدید طغیانی آجانے سے درجنوں نواحی قصبات سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوکر رہ گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بعض مقامات پر بونداباندی بھی ہوئی جبکہ کوئٹہ، قلات، مکران، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، سکھر، مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، راولپنڈی، اسلام آباد میں بارش ہوئی آج بھی کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے ۔