کراچی(سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے سیاست دانوں کو قربانی دینی پڑتی ہے ، جمہوریت کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے ، 18 ویں ترمیم کی وجہ سے صوبوں کو حقو ق مل رہے ہیں۔ ہفتہ کو نجی ہسپتال میں طبی معائنہ کے لیے روانہ ہونے سے قبل پارٹی رہنماؤں اور ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہاکہ جمہوریت کا پرچم کبھی سرنگوں ہونے نہیں دینگے اور جمہوریت کیلئے کسی قربانی سے گریز نہیں کرینگے ،جیل اور مشکلات سے حوصلے پست نہیں ہوئے ،طاقت کا سر چشمہ صرف عوام ہیں۔ اس موقع پرپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری، بختاوربھٹوزرداری، آصفہ بھٹوزرداری اور سابق صدر کے قریبی دوست بھی موجود تھے ۔دریں اثنا سابق صدر آصف علی زرداری کو ہفتہ کوکلفٹن کے نجی ہسپتال پہنچا دیا گیا، جہاں انکے چند ضروری ٹیسٹ کیے جائیں گے اوران کے ذاتی معالجین کے پینل میں شامل ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ انکا طبی معائنہ کرے گا۔ وہ ہسپتال کی چوتھی منزل پرجہاں زیر علاج ہیں، سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور اس طرف عام افراد کا داخلہ بند ہے ۔زرداری کی ہسپتال آمد کے موقع پر ان کے ہمراہ بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری بھی تھیں۔ قبل ازیں آصف علی زرداری نے بلاول ہائوس میں دن بھر آرام کیا، رہائی کے بعد آصف زرداری کی طبیعت میں کافی بہتری آئی ہے ،وہ خاصے خوش اور متحرک ہیں، انہوں نے بلاول ہاؤس کے لان میں کچھ دیر چہل قدمی بھی کی اور دوستوں سے ملاقات کے دوران وہ خوشگوار موڈ میں ان سے ہنسی مذاق بھی کرتے رہے ۔ پارٹی کے بعض سینئر رہنماؤں نے بھی ان سے ملاقات کرکے خیریت دریافت کی۔ انہوں نے اپنے ملازمین کو روایتی ذائقے والی بھنڈی اور دیگر پکوان بنانے کی بھی ہدایت کی۔