لاہور ( خرم عباس ) لاہور میں پو لیس نے اصل کارکردگی دکھانے کے بجائے اعلی افسروں کو سرچ آپریشن، معمولی منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ کے ملزموں کو پکڑ کر سب اچھا کی رپورٹ بھیجنا شروع کردیا، لاہور پولیس کے ترجمان پولیس کی کارکردگی ، اخبارات اور ٹی وی پر نشر کرانے پر کوشاں ہیں اور تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی اپنی معمولی کارکردگی کو ٹی وی اور اخبارات کی زینت بنانے کیلئے خوشامد پر اتر آئے ہیں، معمولی کارکردگی کا کریڈٹ ایس ایچ اوز سے لیکر ڈی آئی جی تک وصول کرنے کیلئے تگ و دو کرتے ہیں، لاہور پولیس آپریشن کے سربراہ ڈویژن ایس پی ایز کو بہترین اقدامات کے احکامات دیتے ہیں اور ایس ایچ اوز اپنی سیٹ کو بچانے کے لیے معمولی منشیات ، ناجائز اسلحہ فروشوں کو قابو کرنے کیلئے بھاگ دوڑ شروع کردیتے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے ایک رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس کو بھجوادی گئی جس میں ذکرکیا گیا ہے کہ لاہور پولیس جرائم کو کم کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے ، تعلیمی اداروں میں منشیات پھیلانے کے حوالے سے کوئی بڑا سمگلر اور کوئی ڈاکو گرفتار کرنے میں پولیس ناکام ہے ۔ آئی جی نے تمام آرپی او اور ڈی پی او ز کو احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ خانہ پری کے بجائے بڑے مگرمچھوں کو پکڑنے کی کوشش کریں۔