اسلام آباد(خبر نگار)سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار کو عدالتی مفرور قرار دینے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کرکے کیس کی جلد سماعت کی استدعا کردی گئی ۔ اسحق ڈار کے وکیل نے درخواست میں مو قف اپنایا احتساب عدالت کی جانب سے میرے موکل کے خلاف فیصلہ سنا کر اثاثوں کو ضبط کر لیا گیا، بطور شہری ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا، احتساب عدالت میں پیش ہوتا رہا لیکن علالت کے باعث بیرون ملک جانا پڑا، مفرور قرار دیئے جانے کے فیصلے خلاف درخواست کی جلد سماعت کی جائے کیو نکہ ایسا نہ ہونے سے نا قابل تلا فی نقصان ہو گا۔دوسری جانب چیف جسٹس گلزار احمد نے زیر التوا بنیادی انسانی حقوق کے حوالے سے مقدمات سماعت کیلئے مقر کرنے کا آغاز کردیا ۔ منگل کو پاکستان ریلوے کوہونے والے نقصانات کے حوالے سے کیس سماعت کے لئے مقرر کردیاگیا، چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت 21جنوری کو کرے گا،از خود نوٹس کیس میں سابق وزیر ریلوے سعد رفیق ، اٹارنی جنرل اور آڈیٹر جنرل کو نوٹس جاری کردیئے گئے ۔جمعرات کو اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال میں ملازمین کی کمی اور انفراسٹر کچر کی تعمیر سے متعلق از خود نوٹس کیس سماعت کیلئے مقرر کیا گیا۔ از خود نوٹس مقدمے میں اٹارنی جنرل ،ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ، سیکرٹری صحت اور ای ڈی پولی کلینک کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ۔