لاہور(خصوصی نمائندہ، اپنے رپورٹر سے ،خبرنگار خصوصی،2نیوز رپورٹ،ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے آٹے کی مقررکردہ نرخ پر فراہمی کیلئے انتظامیہ کو 24گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیدی جبکہ وزیراعلیٰ اور سپیکر پنجاب اسمبلی نے پراپیگنڈا کرنے والے عناصر کا مل کر مقابلہ کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہر صورت اکٹھے مل کر صوبے کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے ۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو صوبہ بھر میں 24 گھنٹے کے اندر آٹے کی مقررہ نرخ پر دستیابی کی ڈیڈلائن دے دی اورمتعلقہ محکموں کو ہر ضروری انتظامی اقدام اٹھانے کی ہدایات جاری کردیں ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی گئے اورچودھری پرویز الٰہی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی کے نئے بلاک کی تعمیر پر پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ تنقید کرنے والے عناصر پیچھے رہ جائیں گے اور وزیراعظم کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اختلافات کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان پورے نہیں ہوں گے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت اسمبلی کے کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت اور ایم پی اے ہاسٹل کی تعمیر کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ستمبر کے آخر تک کام مکمل کرکے نئی بلڈنگ پنجاب اسمبلی کے حکام کے حوالے کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس ہوا جس میں محکمہ صحت کے ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات متعین کرنے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انہوں نے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات لائق تحسین قراردیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود نے ملاقات کی جس میں مون سون سیزن کے پیش نظر ممکنہ سیلاب اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے کئے گئے انتظامات پر بات چیت ہوئی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے ستوکتلہ میں بچی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے نیلا گنبد جی پی او چوک میں حاجی کیمپ تا ریور راوی واسا ڈرین کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ لاہور میں مون سون کی بارشوں کے پیش نظر 8 مرکزی ڈرینز کی ہنگامی طور پر صفائی کی گئی ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کا سب سے 14 لاکھ گیلن کا پہلا انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج بنایا گیا ہے ۔ انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج کی گنجائش کو مزید 2 لاکھ گیلن تک بڑھایا جا سکتا ہے ۔لاہور کے شہریوں کی سہولت کیلئے 11 کلومیٹر طویل ڈرین بچھا رہے ہیں ۔بوہڑ والا چوک سے شروع ہونے والی ڈرین مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی دریائے راوی تک جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مال روڈ پر نیلا گنبد کے قریب ڈرین کی کراسنگ کا کام مکمل کر لیا ہے ۔مون سون سیزن میں اس ڈرین کی تعمیر سے لاہور کے کسی علاقے میں پانی کھڑا نہیں ہوگا۔لارنس روڈ پر اب کئی کئی فٹ پانی کھڑا نہیں ہوگا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جی پی او چوک میں مون سون ایمرجنسی کیمپ کا بھی معائنہ کیااورکیمپ میں دستیاب سہولتوں اور آلات کا جائزہ لیا۔دوسری طرف وزیراعلیٰ سے پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب ویلفیئر ونگ کے صدر چودھری سجادمہیس نے ملاقات کی ۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔