لاہور( نمائندہ خصوصی سے ،این این آئی ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ صوبے میں آٹے سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام انتظامی اقدامات اٹھائیں گے ۔ آٹے کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، آٹے کے تھیلے کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ قیمتوں میں فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے ، عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے اور کسی کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم نے ملاقات کی،اس موقع پر صوبائی وزیر نے محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی جانب سے مرتب کردہ کتاب وائٹ ان فلیگ عثمان بزدار کو پیش کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، اقلیتی برادری کو ترقی کے سفر میں برابر کا حصہ دیں گے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے اقلیتوں کے حوالے سے جامع کتاب ترتیب دینے پر محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی کاوشوں کو سراہا۔عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتی برادری کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، پنجاب حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے مینارٹی ایمپاورمنٹ پیکیج دیا ہے ۔ادھر وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹرمینجمنٹ کااہم اجلاس ہوا،جس میں مون سون سیزن کے پیش نظر ممکنہ سیلاب کے حوالے سے محکموں اور اداروں کی تیاریوں و انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے نالوں کی صفائی کے کام میں تاخیر پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ جون تک نالوں کی صفائی مکمل ہونی چاہیے تھی۔ اس ضمن میں تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہنگامی بنیادوں پر نالوں کی صفائی کے کام کو مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں خصوصی اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ فرقہ واریت میں ملوث عناصر کی سرگرمیوں کو سختی سے کچلا جائے گا اورپنجاب کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی ۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیاکہ کالعدم تنظیموں اوران کے سہولت کاروں کی جانب سے چندہ یا فنڈز جمع کرنے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب میں فرقہ واریت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے ۔