لاہور(سپورٹس ڈیسک)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم کیریئر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئے ، بھارت کے روہت شرما نے ٹاپ 10بلے بازوں کی فہرست میں اینٹر ی دیدی ۔ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں تیسرے میچ میں ناکام رہنے والے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا سٹیو سمتھ سے فاصلہ ایک پوائنٹ سے بڑھ کر 11پوائنٹس کا ہوگیا ہے ، جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں سنچری سکور کرنے والے اجنکے رہانے اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ ٹاپ5بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں ،رانچی ٹیسٹ میں ڈبل سنچری سکور کرنے والے روہت شرما اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ ٹاپ 10بلے بازوں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ،جنوبی افریقی بلے بازوں کی ناکامی کا صلہ بابر اعظم کو ترقی کی صورت میں ملا ہے جو اب اپنے کیریئر کی بہترین 14ویں پوزیشن پر موجود ہیں ۔اسد شفیق20ویں اور اظہر علی 22ویں نمبر پر براجمان ہیں جبکہ سرفراز احمد کا38واں نمبر ہے ۔بالر ز کی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نے بھارت کے جسپریت بمراہ سے تیسری پوزیشن چھین لی ہے ،پاکستانی فاسٹ بالر محمد عباس اس وقت 11ویں اور لیگ سپنر یاسر شاہ17ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔