لاہور( خبرنگار خصوصی )بلغاریہ کے سفیر ایلیکسینڈر باریسوف پاراشکوف نے کہا کہ ڈیوٹی اور ٹیکسز کی کم شرح اور ٹیکس رعایتوں کی وجہ سے بلغاریہ سرمایہ کاری کے حوالے سے بے حد منافع بخش ملک ہے ، پاکستانی تاجروں کو بلغارین تاجروں کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبوں کے ذریعے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ ن خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ سے لاہور چیمبر میں ملاقات میں کیا ۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید، شیخ خرم آفتاب ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر فیاض حیدرو دیگر بھی موقع پر موجود تھے ۔ سفیر نے کہا کہ بلغاریہ میں قائم خصوصی اقتصادی زونز کے سرمایہ کاروں کے تمام سہولیات فراہم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان 55 سال سے گہرے سفارتی اور مضبوط سیاسی تعلقات ہیں لیکن اب وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے دونوں ممالک نجی شعبہ اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تجارتی اور معیشت کے فروغ کیلئے ایک دوسرے کی مارکیٹوں، کاروبار اور تجارت سے متعلق معلومات کے تبادلے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلغاریہ یورپی یونین کی ممبر ریاست ہے اور اسے اس سلسلے میں بہت سارے فوائد حاصل ہیں۔ بلغاریہ یورپی یونین کی طرف ایک گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ براستہ ایران دونوں ممالک کے مابین زمینی راستے کے ذریعے تجارت میں بہت سہولت مل سکتی ہے ۔لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے نے جی ایس پی پلس کے سلسلے میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر بلغاریہ کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلغاریہ کے مابین گذشتہ چند سالوں سے مجموعی طور پر تجارت کا حجم تقریبا 33 ملین ڈالر ہے جو دوطرفہ تجارت کی اصل صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتا۔